خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلعے خیبر میں پولیس حکام نے جمعرات کو بتایا کہ دو مبینہ خودکش حملہ آوروں نے باڑہ بازار میں پولیس سٹیشن پر حملے کے دوران موت ہوئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی نے بتایا کہ دھماکہ تحصیل کمپاؤنڈ، جہاں باڑہ پولیس سٹیشن بھی واقع ہے، کی عمارت میں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے میں تین پولیس اہلکار جان سے گئے جبکہ نو افراد زخمی ہو گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چھ زخمیوں کو موقعے پر طبی امداد دی گئی جبکہ تین کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خیبر پولیس کنٹرول روم کے پولیس اہلکار ثاقب شاہ کے مطابق دو خودکش حملہ آوروں نے کمپاؤنڈ کے گیٹ سے اندر آنے کی کوشش کے دوران وہاں موجود پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
ثاقب نے بتایا کہ اس کے بعد حملہ آوروں نے گیٹ کے ساتھ پولیس روزنامچہ روم میں فائرنگ کی لیکن وہاں پر موجود پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ پر خودکش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
انہوں نے بتایا، ’گیٹ پر موجود پولیس اہلکاروں نے خود کش حملہ آوروں پر فائرنگ کر کے بہادری کا ثبوت دیا جس سے پولیس سٹیشن بڑے سانحے سے بچ گیا۔‘
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پشاور کے ریگی ماڈل ٹاؤن کے گیٹ پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکار جان سے گئے تھے جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔
گذشتہ روز پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں آٹھ سکیورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے تھے۔