سعودی پرو لیگ: دنیائے فٹ بال کی سب سے بڑی کہانی کیسے بنی؟

کرسٹیانو رونالڈو نے کہا تھا کہ سعودی پرو لیگ جلد دنیا کی پانچ سرفہرست لیگز میں شامل ہو جائے گی اور اب ان کا یہ دعویٰ سچ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

سعودی فٹ بال کلب النصر کے پرتگالی فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو مخالف کلب کے ڈیفینڈر کرار امیر سے 9 اگست 2023 کو عرب کلبز چیمپیینز کپ کے سیمی فائنل کے دوران بال حاصل کر رہے ہیں (اے ایف پی / عبداللہ مہدی)

سعودی پرو لیگ کا آغاز آج (جمعے) سے ہو رہا ہے جسے دنیا بھر سے سٹار فٹ بالرز کی شمولیت نے شائقین میں مقبول بنا دیا ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹ بال کلب النصر میں شامل ہونے کے بعد کہا تھا کہ سعودی پرو لیگ جلد دنیا کی پانچ سرفہرست لیگز میں شامل ہو جائے گی اور اب ان کا یہ دعویٰ سچ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

سعودی پرو لیگ سپانسر شپ کی وجہ سے ’روشن سعودی لیگ‘ (آر ایس ایل) کے نام سے جانی جاتی ہے اور اس کا آغاز 70 کی دہائی میں ہوا تھا جب لیگ کا پہلا سیزن 1976 میں منعقد ہوا تھا۔

رواں سیزن میں کل 18 کلبز شامل ہیں اور اس بار  آر ایس ایل میں حصہ لینے والی ہر ٹیم کو آٹھ غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے سے یہ بین الاقوامی ستاروں سے جگمگاتی لیگ بن کر ابھری ہے۔

ایک سیزن روایتی طور پر اگست سے مئی تک جاری رہتا ہے اور اس دوران ہر کلب کا دوسرے کلب سے دو بار سامنا ہوتا ہے۔ اس طرح ہر کلب کو 34 میچز کھیلنا ہوں گے۔ ٹیموں کی پوائنٹس کی بنیاد پر لیگ ٹیبل پر درجہ بندی کی جاتی ہے۔

آر ایس ایل اور سعودی فرسٹ ڈویژن لیگ کے درمیان رابطے کا ایک نظام موجود ہے۔ آر ایس ایل میں تین سب سے کم پوزیشن پر آنے والی ٹیمیں (16 ویں، 17 ویں اور 18 ویں) کو فرسٹ ڈویژن میں بھیج دیا جاتا ہے اور فرسٹ ڈویژن سے ٹاپ تین ٹیموں کو آر ایس ایل میں ترقی دی جاتی ہے۔

سب سے کامیاب کلب

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دارالحکومت ریاض کے الہلال کلب کے پاس لیگ کی سب سے کامیاب ٹیم کا ریکارڈ ہے جس نے لیگ کی تاریخ میں 18 ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں۔ اسی کلب نے 2021/22 میں یہ ٹائٹل جیتا تھا۔

جدہ کے ’التحاد‘ کلب نے گذشتہ سیزن میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور یہ کلب مجموعی طور پر نو مرتبہ لیگ چیمپئن شپ کی ٹرافی اٹھا چکا ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو کے ریاض کے کلب ’النصر‘ نے بھی نو ٹائٹل اپنے نام کیے ہیں جس نے آخری فتح 2018/19 کے سیزن کے دوران حاصل کی تھی۔

ریاض کے ہی ایک اور کلب ’الشباب‘ نے چھ فتوحات حاصل کی ہیں جب کہ جدہ کے کلب ’الاھلي‘ نے تین بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ دمام کے ’التفاق‘ اور الاحسا کے ’الفتح‘ کلب نے بالترتیب دو اور ایک بار چیمپئن شپ جیتی ہے۔

مجموعی طور پر ریاض کے کلبز کو لیگ پر غلبہ حاصل ہے جنہوں نے کل 33 ٹائٹلز حاصل کیے۔

رواں سیزن میں کیا منفرد ہے؟

آر ایس ایل نے رواں سیزن میں نمایاں سرمایہ کاری حاصل کی ہے جس نے کھیل کے معروف ناموں جیسے فرانس کے کریم بینزیما، این گولو کانتے اور ریاض مہریز کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

روااں سال جون میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سپورٹس کلبز کی سرمایہ کاری اور نجکاری کے منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔

اس اقدام کے تحت سعودی عرب کے فنڈ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) نے مملکت کے سرفہرست چار مقبول ترین کلبوں میں 75 فیصد حصص حاصل کیے جن میں الحلال، التحاد، النصر اور الاھلی شامل ہیں۔

کھیلوں کو ولی عہد کے وژن 2030 کے منصوبوں میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔

رواں سیزن کے ستارے

دنیا بھر سے بڑے ستارے رواں سیزن کے دوران سعودی لیگ میں کھیلتے دکھائی دیں گے جن میں ریال میڈرڈ کے کریم بینزیما، بائرن میونخ کے سیڈیو مانے، مانچسٹر سٹی کے ریاض مہریز، چیلسی کے این گولو کانتے، روبن نیوس، سیرگیج ملنکوک سیوک، فیبنو، روبرٹو فیبہو اور جارڈن ہینڈرسن شامل ہیں۔

اہم میچز

سعودی لیگ میں نئے ٹیلنٹ کی آمد کے ساتھ شائقین اس سیزن کانٹے دار مقابلوں کی توقع کر رہے ہیں۔

کچھ اہم اور کانٹے دار مقابلوں کی تفصیلات کچھ یوں ہیں۔

التفاق بمقابلہ النصر - 14 اگست

النصر بمقابلہ الشباب - 29 اگست

التحاد بمقابلہ الہلال - 01 ستمبر

التحاد بمقابلہ الاھلی - 07 اکتوبر

الہلال بمقابلہ الاھلی - 26 اکتوبر

الہلال بمقابلہ النصر - 30 نومبر

التحاد بمقابلہ النصر - 14-16 دسمبر

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال