اسرائیلی بمباری میں 17 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی اموات: وزارت صحت

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے شدید بمباری میں 350 شہریوں کی موت ہوئی ہے۔

غزہ میں وزارت صحت نے جمعرات کو بتایا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں اب تک مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ سات اکتوبر سے شروع ہونے والی اسرائیلی بمباری میں اب تک کل 17177 فلسطینی جان سے گئے ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے شدید بمباری میں 350 شہریوں کی موت ہوئی ہے۔

آرٹیکل 99 کے استعمال کے بعد سلامتی کونسل فلسطینیوں کا تحفظ کرے: پاکستان

پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریش کی جانب سے غزہ کے معاملے پر یو این چارٹر کے آرٹیکل 99 کے استعمال کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس کا خیرمقدم کرتا ہے۔

پاکستان کے نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 99 کے تحت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے اس حوالے سے بیان کی حمایت کی ہے، جس میں انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں انسانی تباہی کو روکے اور فوری جنگ بندی کے اعلان کے لیے اقدامات کرے۔

پاکستان کے نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’اب سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ فلسطینیوں کی جانوں کے تحفظ اور اس سانحے کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کرے۔‘

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کی ایکس پوسٹ کے مطابق انہوں نے بطور سیکرٹری جنرل اپنے دور میں پہلی بار اقوام متحدہ چارٹر کا آرٹیکل 99 کا استعمال کیا ہے جو انہیں اجازت دیتا ہے کہ وہ ’کسی بھی ایسے معاملے جانب کی سلامتی کونسل کی توجہ دلائیں جس سے ان کی رائے میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کو خطرہ ہو۔‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ ’کئی دہائیوں سے اس آرٹیکل کا استعمال نہیں کیا گیا۔‘

انتونیو گوتیرش نے اپنے خط میں لکھا کہ ’ہمیں انسانی نظام کے خاتمے کے شدید خطرے کا سامنا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انتونیو گوتیرش نے سلامتی کونسل کو اپنے خط میں کہا کہ ’شہری غزہ میں کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔‘

انہوں نے ایک بار پھر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے لکھا کہ ’میں نے سیکرٹری جنرل کے طور پر اپنے دور میں پہلی بار ابھی ابھی اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 99  کا استعمال کیا ہے۔‘

ان کے مطابق ’غزہ میں انسانی ہمدردی کے نظام کے خاتمے کے شدید خطرے کا سامنا کرتے ہوئے، میں کونسل سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ انسانی تباہی کو روکنے میں مدد کرے اور انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا اعلان کرنے کی اپیل کرے۔‘

غزہ پر اسرائیلی جارحیت: اسماعیل ہنیہ کی پاکستان سے حمایت طلب

معروف فلسطینی سیاست دان اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بدھ کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے پاکستان کی حمایت طلب کی ہے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر اسرائیل کو پاکستان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے تو فلسطینیوں  پر اسرائیل کے مظالم بند ہو سکتے ہیں۔‘

انہوں نے 1993 کے اوسلو معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے پر اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

اس معاہدے میں فلسطینیوں کے حق خودارادیت کو برقرار رکھا گیا ہے لیکن اسرائیل نے معاہدے پر عملدرآمد کی بجائے مقبوضہ علاقوں میں مزید بستیوں کی تعمیر جاری رکھی۔

اسماعیل ہنیہ نے سات اکتوبر کے حملے کو بھی اسرائیل کے قبضے کے منصوبوں کے خلاف پیشگی اقدام کے طور پر جائز قرار دیا۔

اسرائیل نے سات اکتوبر سے غزہ پر حملے کرتے ہوئے فضائی بمباری، زمینی حملوں اور محاصرے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 23 لاکھ کی پٹی میں اب تک 16 ہزار 15 افراد جان سے جا چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا