پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار کے 100 فیصد حصص خرید لیے

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ایک بیان میں کہا کہ حصص کی خریداری کیش فری، ڈیٹ فری بنیادوں پر ٹیلی نار پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ٹیلی نار پاکستان) ہوئی ہے۔ 

پی ٹی سی ایل کے مطابق دونوں کمپنیوں کے درمیان معاہدے سے پاکستان میں جدت طرازی اور ٹیلی کام کے شعبے کو تقویت ملے گین (روئٹرز)

پاکستان میں سرکاری ٹیلی کام کمپنی پی ٹی سی ایل نے ملک میں ناروے کی موبائل فون کمپنی ٹیلی نار کے 100 فیصد حصص 108 ارب روپے عوض خرید لیے ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)، جو ای اینڈ گروپ کے ذیلی ادارہ ہے، نے ایک بیان میں کہا کہ حصص کی خریداری کیش فری، ڈیٹ فری بنیادوں پر ٹیلی نار پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ٹیلی نار پاکستان) ہوئی ہے۔ 

بیان کے مطابق پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار پاکستان کے درمیان معاہدے سے نہ صرف دونوں اداروں کی صلاحیتیں اور مہارتیں یکجا ہوں گی، بلکہ ملک میں جدت طرازی اور ٹیلی کام کے شعبے کو تقویت بھی ملے گی۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹیلی نار نے 18 سال قبل پاکستان میں موبائل فون سروس کا آغاز کیا تھا اور اس کمپنی کے صارفین کی تعداد ساڑھے چار کروڑ ہے۔

ناروے کا ٹیلی کام گروپ ایشیائی میں کاروباری سرگرمیوں کی تنظیم نو کر رہا ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ  اسے امید ہے کہ اس سال کے آخر تک پاکستان میں اپنے کاروبار کے معاملے میں کوئی فیصلہ کر لے گا۔

 پاکستانی سٹاک مارکیٹ میں پونے 12 بجے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن  کے حصص کی قیمتوں میں 8.3 فیصد اضافہ ہوا۔ 

پہلے نو ماہ میں ٹیلی نار پاکستان نے سروس ریونیو میں 2.6 ارب نارویجن کراؤن (24 کروڑ ڈالر) اور سود، ٹیکس، قدر میں کمی اور ایمورٹائزیشن سے قبل کی آمدنی میں 1.4 ارب کراؤن کا حصہ ڈالا۔

ٹیلی نار کے بقیہ ایشیائی پورٹ فولیو میں بنگلہ دیش میں گرامین فون، ملائیشیا میں سیلکام ڈیجیٹل اور تھائی لینڈ میں ٹرو کارپوریشن کے حصص شامل ہیں جن کے مجموعی طور پر 16 کروڑ صارفین ہیں۔

پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار کے لیڈرز کیا کہتے ہیں؟

پی ٹی سی ایل کے صدر اور سی ای او حاتم بامطرف کا کہنا تھا: ’ہمیں یقین ہے کہ پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار پاکستان کے مابین اسٹریٹجک ہم آہنگی ہمارے صارفین اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے بہت فائدہ مند ہو گی، کیونکہ اس معاہدے سے حقیقی فائدہ ہمارے صارفین کو ہی ہو گا۔

’پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار دونوں کے پاس مضبوط اور باصلاحیت ٹیمیں موجود ہیں جو دونوں کمپنیوں کی بہترین خوبیوں کو اپناتے ہوئے معیاری خدمات کی فراہمی اور مل جل کر کام کرنے کے کلچر کو فروغ دیں گی۔ مشترکہ ادارہ تمام شعبوں میں بہترین خدمات فراہم کرے گا، اور اس کے پاس بہترین کوریج، بلاتعطل  ڈیٹا کی سہولت، بڑے پیمانے پر رسائی اور صارفین کے لیے مصنوعات اور خدمات کی ایک وسیع رینج دستیاب ہوگی۔‘

چیئرمین پی ٹی سی ایل بورڈ حسن ناصر جامی نے کہا: ’پی ٹی سی ایل گروپ پاکستان کے عوام کو رابطے کی سہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔ اس معاہدے سے ایک  خوشحال اور ڈیجیٹل طور پر مربوط قوم کی تعمیر اور پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے قومی علمبردار کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے ہمارے عزم کو تقویت ملی ہے۔‘

بیان میں بتایا گیا کہ معاہدے کی تکمیل ریگولیٹری منظوریوں اور دیگر شرائط کی تکمیل سے مشروط ہے۔

خطے میں کمپنی کے آپریشن کے سربراہ پیٹر بوئرے فربرگ نے کہا: ’ٹیلی نار ایشیائی مارکیٹ کے تین معروف کاروباری اداروں کا فعال مالک رہے گا جو ہمارے ایشیائی پورٹ فولیو کو تشکیل دیتے ہیں۔‘

عرب نیوز کے مطابق ٹیلی نار گروپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’یہ اس (فروخت) پاکستان میں ٹیلی کام کمپنی کے آپریشنز کے سٹریٹجک جائزے کا اختتام ہے جس کا اعلان جولائی 2022 میں کیا گیا۔‘

ٹیلی نار گروپ کے سی ای او سیگو بریکے نے کہا کہ ’ہمارے پاکستان آپریشنز کی فروخت کو آگے بڑھانے کا فیصلہ ملک میں 18 سال کے کامیاب آپریشنز کے بعد کیا گیا جو نئے منصوبے کی حیثیت سے شروع کیے گئے۔

’ہمیں اس کمپنی پر فخر ہے جو آج ٹیلی نار پاکستان ہے۔ یہ ایک متحرک اور مستقبل کے لیے تیار ٹیل کام آپریٹر ہے جس میں ایک مضبوط ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک اور باصلاحیت ٹیم موجود ہے جو ساڑھے چار کروڑ مصارفین کی خدمت کر رہی ہے۔‘

بریکے نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی انٹیگریٹڈ آئی سی ٹی کمپنی کو فروخت کرکے ٹیلی نار کو یقین ہے کہ اس سے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور پاکستان میں صارفین کے فائدے کے لیے ترقی کے نئے شعبوں میں مواقع پیدا ہوں گے۔

 پی ٹی سی ایل

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) پاکستان کی سب سے بڑی انٹیگریٹڈ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کمپنی ہے۔ 1947 میں ٹیلی فون اور ٹیلی گراف کے شعبے سے ایک معمولی آغاز کرنے والی کمپنی آج جدید ترین ڈیجیٹل اور ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ادارہ ہے۔ یہ پاکستان کو دنیا سے ملانے والے سب سے بڑے فائبر کیبل نیٹ ورک اور آبدوز کیبلز کے ساتھ ملکی مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

پی ٹی سی ایل کے اہم اثاثوں میں پاکستان کی معروف سیلولر موبائل آپریٹر پی ٹی ایم ایل (یوفون فور جی) اور یو مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ (یو بینک) شامل ہیں، جو مائیکرو فنانس قرضے اورمتعدد ڈپازٹ مصنوعات پیش کرتا ہے۔ 

ای اینڈ

ای اینڈ دنیا کے معروف ٹیکنالوجی گروپوں میں سے ایک ہے۔ سال 2022 میں کمپنی 52.4 ارب درہم کی مجموعی خالص آمدنی اور 10 ارب درہم کے مجموعی خالص منافع کی حامل رہی جو گروپ کی بے داغ کریڈٹ ریٹنگ، مضبوط بیلنس شیٹ اور پائیدار کامیابی کے ٹریک ریکارڈ کی عکاسی کرتی ہے۔ 47 سال قبل ابوظہبی میں قائم ہونے والا یہ گروپ متحدہ عرب امارات میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں پیش پیش ہے۔ آج اس کے قدم مشرق وسطی، ایشیا اور افریقہ میں 16 ممالک میں پھیلے ہوئے ہیں، جن سے اس صنعت میں اس کی مضبوط حیثیت کی نشاندہی ہوتی ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت