دولت مشترکہ کے الیکشن مبصرین یکم فروری کو آئیں گے

نائیجیریا کے سابق صدر ڈاکٹر گڈلک جوناتھن کی سربراہی میں کامن ویلتھ کی 13 رکنی ٹیم آٹھ فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاکستان آئے گی۔

22 دسمبر 2023 کی اس تصویر میں خواتین امیدوار کوئٹہ میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں آٹھ فروری 2024 کے عام انتخابات کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا رہی ہیں (اے ایف پی)

پاکستان میں عام انتخابات کے سلسلے میں دولت مشترکہ کے ممالک کا 13 مبصرین پر مشتمل وفد یکم فروری 2024 کو پاکستان پہنچے گا۔

نائیجیریا کے سابق صدر ڈاکٹر گڈلک جوناتھن کی سربراہی میں کامن ویلتھ کی 13 رکنی ٹیم آٹھ فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاکستان آئے گی۔

یورپی الیکشن ایکسپرٹ کا 10 رکنی گروپ پہلے ہی جنوری کے دوسرے ہفتے پاکستان پہنچ چکا ہے، جو انتخابی عمل کا مشاہدہ کرے گا۔

کامن ویلتھ نے اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا کہ ’کامن ویلتھ الیکشن آبزرور گروپ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزارت خارجہ کے ذریعے درخواست کی، جس کے بعد یہ 13 رکنی گروپ اب آٹھ فروری کے انتخابات کے عمل کا مشاہدہ کرنے کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے اور انتخابی عمل مکمل ہونے تک ملک میں ہی رہے گا۔‘

اعلامیے کے مطابق: ’کامن ویلتھ کی سکریٹری جنرل پیٹیریشیا سکاٹ لینڈ نے کامن ویلتھ سے کثیر الضابطہ ماہرین کی ایک ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ مبصر گروپ انتخابی عمل کا ایک آزاد اور جامع جائزہ پیش کرے گا۔‘

کامن ویلتھ کی سیکرٹری جنرل نے کہا: ’میں شفافیت اور احتساب کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہتی ہوں۔ دولت مشترکہ پاکستان کے جمہوری سفر کی حمایت کرنے پر خوش ہے۔ ہم پر امن اور منصفانہ انتخابات کے منتظر ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں شکر گزار ہوں کہ نائیجیریا کے سابق صدر، ڈاکٹر گڈلک جوناتھن نے ایک بار پھر انتخابی مبصر گروپ کے سربراہ کے طور پر کام کرنے کی ہماری دعوت کو قبول کیا ہے۔ مبصرین کی ٹیم مجموعی طور پر انتخابی عمل کے انعقاد کا جائزہ لے گی اور جہاں مناسب ہو، انتخابی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

’امید ہے کہ یہ سفارشات پاکستان کے عوام اور حکومت کے انتخابی عمل کو مضبوط بنانے میں فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ اگر ضروری سمجھا جائے تو دولت مشترکہ سیکرٹریٹ اس عمل میں مدد کے لیے تیار ہو گا۔‘

کامن ویلتھ سیکرٹری جنرل نے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول سیاسی جماعتوں اور ان کے حامیوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ دولت مشترکہ کی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے پرامن انتخابات میں حصہ ڈالیں۔

کامن ویلتھ سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق اپنے قیام کے دوران مبصر گروپ کے ارکان پورے ملک میں تعینات رہیں گے۔

کامن ویلتھ آبزرور گروپ کو کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کی ایک ٹیم معاونت فراہم کرے گی، جس کی قیادت مسٹر لنفورڈ اینڈریوز، ایڈوائزر اور الیکٹورل سپورٹ سیکشن کے سربراہ کریں گے۔

پاکستان میں رہتے ہوئے، مبصر گروپ کے اراکین سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، انتخابی عہدیداروں، میڈیا کے سٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کے گروپوں سے ملاقاتوں سمیت متعدد مکالموں میں بھی حصہ لیں گے۔

الیکشن کے دن، کامن ویلتھ آبزرور گروپ کے اراکین پورے پاکستان میں پولنگ سٹیشنوں کے کھلنے اور ووٹنگ کے عمل سے لے کر بیلٹ کی گنتی اور نتائج کے اعلان تک، انتخابی عمل کے تمام پہلوؤں کا مشاہدہ کریں گے۔

انتخابات کے ایک دن بعد، گروپ ایک پریس کانفرنس کرے گا اور اپنے ابتدائی نتائج کے ساتھ ایک عبوری بیان جاری کرے گا۔

ایک حتمی رپورٹ، جس میں مستقبل کے انتخابی عمل کو بہتر بنانے میں مدد کے لیے سفارشات شامل ہوں گی، حکومت پاکستان اور الیکشن کمیشن کو پیش کی جائے گی۔ رپورٹ کو دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا۔

13 رکنی گروپ میں کون کون شامل ہے؟

نائیجیریا کے سابق صدر ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن آبزرور گروپ کے چیئرمین ہیں۔

جبکہ دیگر اراکین میں آسٹریلیا سے ماہر جرائم تحقیق ڈاکٹر لی نٹ ڈمارس، فجی سے الیکٹورل کمیشن کی چیئرپرسن مس باربرا، گیانا سے صحافی ناظمہ نتاشہ، کینیا سے وکیل احمد حسن جو الیکشن کمشن کے چیئرپرسن ہیں۔

ان کے علاوہ نیوزی لینڈ سے سابق رکن پارلیمنٹ اناہیلا لوز، پاپوا نیو گنی سے میڈیا سے منسلک مس بیلینڈا کورا، سینٹ لوسیا کی سابق پارلیمنٹ سپیکر سارا لوسی، صحافی اومارو فوفانا، سری لنکا کے سابق الیکشن کمشنر محمد مخدوم، برطانیہ سے وکیل برائن سپئیر، تنزانیہ کے سابق چیف جسٹس محمد اوتھمن اور زیمبیا سے انتخابات کے ماہر جیکب گوما شامل ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان