امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکی نائب وزیرخارجہ نے پاکستانی حکام سے ملاقات میں افغانوں کی امریکہ میں آبادکاری میں مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکہ کے قائم مقام نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور جان باس نے نائب وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔
امریکی مشن کے ترجمان جوناتھن لالی کے بیان میں کہا گیا کہ ’جان باس نے پاکستانی حکام سے ملاقات میں دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور علاقائی استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کی اہمیت سمیت اقتصادی اور سلامتی کے امور پر دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔‘
بیان کے مطابق ’انڈر سیکریٹری جان باس نے امریکہ میں افغانوں کی آبادکاری میں مدد کے لیے پاکستان کے مسلسل تعاون پر اظہار تشکر کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’انڈر سیکرٹری نے 2025-2026 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر نائب وزیر اعظم کو مبارکباد دی اور اس مدت کے دوران حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں امریکہ کی دلچسپی کا اظہار کیا۔‘
نائب وزیراعظم اسحاق دار کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ بھی شریک تھیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 2021 میں طالبان کے افغانستان میں اقتدار میں آنے کے بعد تقریباً 20 ہزار یا اس سے زیادہ افغان شہری جنگ زدہ ملک سے فرار ہو گئے تھے۔
اکتوبر 2023 تک ان افغانوں کی اکثریت امریکہ میں دوبارہ آباد ہونے کے لیے پاکستان میں امریکی خصوصی امیگریشن کی اپنی درخواستوں پر کارروائی کا انتظار کر رہی تھی۔