روس نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھائے گا، جن میں تجارت، سرمایہ کاری اور سفارت کاری شامل ہیں۔
سینٹ سے خطاب میں روسی وفاقی اسمبلی کی وفاقی کونسل سپیکر ویلنٹینا میتوی ینکو نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کی طویل تاریخ ہے ’دونوں ملکوں میں تعاون کی عظیم روایات موجود ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ روس پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا گذشتہ سال پاکستان، روس تجارتی حجم میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے ’بہت سے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔‘
مشکلات کے باوجود ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان روابط موجود رہے۔
’بہت سے عالمی معاملات پر پاکستان اور روس کے نقطہ نظر میں مماثلت ہے۔ دونوں ملک افغان مسئلے کے حل اور وسطی ایشیا کی سلامتی پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔‘
انہوں نے پاکستان میں اپنے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ آف پاکستان سے خطاب ان کے لیے اعزاز ہے۔
اس سے قبل پاکستان کے سرکاری ریڈیو (ریڈیو پاکستان) کے مطابق یہ بات روسی وفاقی اسمبلی کی وفاقی کونسل سپیکر ویلنٹینا میتوی ینکو نے پیر کو اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی، تجارتی اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ویلنٹینا میتوی ینکو کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہتیں پیدا کرے گا اور علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دے گا۔
انہوں نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تیل و گیس کے شعبوں میں بہتری کے لیے روس کی حمایت کو سراہا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور پاکستان کی سینیٹ میں پاک روس دوستی گروپ پہلے ہی قائم کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جن میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ بھی شامل ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے مواصلات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقعے پر روسی وفاقی اسمبلی کی فیڈریشن کونسل سپیکر نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں بھی مدد ملے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
روسی فیڈریشن کونسل کی سپیکر نے کہا کہ روس بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو ایک اہم کردار ادا کرنے والا ملک سمجھتا ہے۔
فیڈریشن کونسل روس کی قومی مقننہ کا ایوان بالا ہے۔ یہ ملک کے وفاقی ڈھانچے کی عکاسی کرتے ہوئے علاقائی نمائندگی کا ایوان ہے۔ کونسل کی متعدد ذمہ داریاں ہیں جو زیادہ تر وفاقی اور علاقائی حکمرانی سے متعلق ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی برکس کی رکنیت کے حصول کی حمایت کا اعادہ کیا اور علاقائی اور عالمی سطح پر امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں روس کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری نے ہمیشہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پارلیمانی دوستی گروپس اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلے کے ذریعے دونوں پارلیمانوں کے درمیان مسلسل رابطے کی حمایت کی تاکہ باہمی سیکھنے اور مشترکہ تجربات کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔
قبل ازیں میتوی ینکو تین روزہ دورے پر اتوار کو اسلام آباد پہنچی ہیں۔
یہ دورہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی دعوت پر ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور پارلیمانی تعلقات کے حوالے سے ایک اہم موقع ہے۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، سیکریٹری دفاع اور دفاعی پیداوار سے روسی نائب وزیردفاع کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومن کی قیادت میں دفاعی وفد نے راولپنڈی میں وزارت دفاع کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، سیکرٹری وزارت دفاع پیداوار لیفٹیننٹ جنرل(ر) چراغ حیدرسے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔