قطر کی 2036 اولمپکس کی میزبانی کے لیے باضابطہ بولی

خلیج کی سب سے چھوٹی اور امیر ترین ریاستوں میں سے ایک، قطر پہلے ہی 2022 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کر چکا ہے۔

11 اکتوبر 2024 کو دوحہ کے واٹر فرنٹ پر خلیجی پانیوں کی طرف سے قطر 2022 فیفا ورلڈ کپ کے ایک مقام کے طور پر کام کرنے والے 974 سٹیڈیم کے سامنے لوگ بیٹھے ہیں (کریم جعفر / اے ایف پی)

قطر نے منگل کو 2036 کے اولمپک اور پیرا اولمپک گیمز کی میزبانی کے لیے باضابطہ بولی دے دی ہے۔

قطری حکام نے اعلان کیا کہ توانائی پر انحصار کم کرنے کے لیے کھیلوں کو معیشت کے ایک بڑے ستون کے طور پر اپنانے والا ملک ایک اور عالمی ایونٹ کی میزبانی کا خواہاں ہے۔ 

قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی نے کہا کہ اگر دوحہ کو اس میگا ایونٹ کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا تو وہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا پہلا ملک ہو گا جو اولمپک کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔

انہوں نے کہا: ’قطر اولمپک کمیٹی کی جانب سے 2036 کے اولمپک اور پیرا اولمپک گیمز کی میزبانی کے لیے جمع کرائی گئی بولی ہمارے قومی سفر میں ایک نیا سنگِ میل ہے۔‘

شیخ محمد کے مطابق ’یہ بولی 2022 کے فیفا ورلڈ کپ سمیت متعدد کامیاب عالمی کھیلوں کے انعقاد پر مبنی قطر کے ریکارڈ کو مزید آگے لے جاتی ہے۔‘

قطر نے 2022 میں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی، تاہم اس موقع پر انسانی حقوق کی تنظیموں، خصوصاً ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دعویٰ کیا تھا کہ ہزاروں تارکین وطن مزدور اس ایونٹ کی تیاریوں کے دوران اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوحہ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ صرف 37 اموات ہوئیں جن میں صرف تین مزدور کام کے دوران جاں بحق ہوئے۔

قطر اولمپک کمیٹی کے صدر شیخ جوعان بن حمد الثانی نے کہا: ’ہم نے کھیلوں کو اپنی قومی حکمت عملی کا مرکزی ستون بنایا ہے۔ ہمارے پاس پہلے ہی 95 فیصد کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے اور ایک جامع منصوبہ ہے جس کے تحت تمام سہولیات 100 فیصد تیار ہوں گی۔‘

اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے اب ممالک اپنی بولی کا اعلان کرنے کے پابند نہیں ہیں چونکہ 2024 کے کھیل یورپ (فرانس)، 2028 کے امریکہ (لاس اینجلس) اور 2032 کے آسٹریلیا (برسبین) میں ہوں گے اس لیے قوی امکان ہے کہ 2036 کے اولمپکس پہلی بار مشرق وسطیٰ یا افریقہ میں منعقد ہوں گے۔

2036  کے میزبان کے انتخاب کا عمل بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی نئی صدر کرسٹی کوونٹری کی قیادت میں ہو گا جو پچھلے مہینے یہ عہدہ سنبھالنے والی پہلی خاتون بنی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل