تہران اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست پرواز کا جلد آغاز: ایرانی سفیر

ایرانی سفیر کے مطابق معاہدے کے تحت پہلی براہ راست پرواز معروف ایرانی فضائی کمپنی ایران ایئر ٹور کے ذریعے چلائی جائے گی۔

12 جنوری 2017 کو ایئربس اے 321 کا نیا طیارہ تہران کے مہرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایران ایئر کے بیڑے میں شامل کیے جانے کے لیے پہنچا (اے ایف پی)

پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اعلان کیا ہے کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان فضائی شعبے میں ایک جامع معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت تہران اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست پرواز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ایرانی سفیر نے منگل کو ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ پیش رفت ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ہوئی، جہاں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے مشترکہ تعاون سے معاہدے کو عملی شکل دی۔

ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس کامیابی کا سہرا دونوں ملکوں کے حکام کے تعاون اور مسلسل رابطوں کو جاتا ہے۔ انہوں نے بالخصوص حکومت پاکستان کی سہولت کاری اور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

معاہدے کے تحت پہلی براہ راست پرواز معروف ایرانی فضائی کمپنی ایران ایئر ٹور کے ذریعے چلائی جائے گی۔ سفیر کے مطابق یہ پرواز نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط کرے گی بلکہ سیاحت، تجارت اور نجی شعبے کے تعلقات کو بھی فروغ دے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایرانی سفیر نے کہا کہ ’یہ سنگ میل ایران اور پاکستان کے عوام، سیاحتی برادری، کاروباری حلقوں اور نجی شعبے کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔‘

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس پرواز کے آغاز سے ایران اور پاکستان کے درمیان سیاحت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ایرانی شہری پاکستان کے دلکش مناظر اور تاریخی مقامات کی سیر کے زیادہ مواقع حاصل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی روابط اور براہِ راست سفری سہولت سے خطے میں باہمی تعاون کو نئی جہت ملے گی اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی سے قریبی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا