پاکستان کا ایشیا کپ میں جیت سے آغاز، عمان کو 93 رنز سے شکست

عمان کی پوری ٹیم پاکستان کے تجربہ کار بولروں کے سامنے بے بس دکھائی دی اور صرف 67 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے 12 ستمبر 2025 کو دبئی میں عمان کے خلاف نصف سنچری سکور کی (اے ایف پی)

پاکستان نے مسلسل تنقید کی زد میں رہنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث عمدہ بیٹنگ کی بدولت ایشیا کپ کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا ہے جہاں اس نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں عمان کو 93 رنز سے شکست دی ہے۔

دبئی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ایک مشکل وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے 20 اووروں میں سات وکٹیں گنواتے ہوئے 160 رنز بنائے۔ محمد حارث کو ان کی عمدہ نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جواب میں عمان کی پوری ٹیم پاکستان کے تجربہ کار بولروں کے سامنے بے بس دکھائی دی اور صرف 67 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے اس میچ میں آزمائے گئے تمام چھ بولروں نے وکٹیں لیں جن میں صائم ایوب، سفیان مقیم اور فہیم اشرف نے دو، دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

عمان کی طرف سے حماد مرزا نے سب سے زیادہ 27 اور عامر کلیم نے 13 جبکہ شکیل احمد نے دس رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دہرے ہندسے میں نہ آ سکا۔

اس سے قبل پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں صائم ایوب بنا کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

صائم کے جلد آؤٹ ہونے پر حالیہ کارکردگی پر تنقید کی زد میں رہنے والے محمد حارث کو بھیجا گیا جنہوں نے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ وہ ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محمد حارث نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو نہ صرف مشکلات سے نکالا بلکہ خود بھی عمدہ نصف سنچری سکور کر کے ناقدین کو اچھا جواب دیا۔

صاحبزادہ فرحان 29 گیندوں پر 29 جبکہ محمد حارث 43 گیندوں پر تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سلمان علی آغا بھی اپنی اننگز کی پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ حسن نواز نے نو اور محمد نواز نے بھی صرف 19 رنز ہی کی اننگز کھیلی۔

عمان کے بولرز نے کم تجربے کے باوجود پچ کے مطابق بولنگ کی اور پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر بڑی ہٹس لگنے کا بہت ہی کم موقع دیا۔

شاہ فیصل اور عامر کلیم عمان کے لیے نمایاں بولر رہے جنہوں نے تین، تین وکٹیں لیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ