صوبہ سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس نے انٹرپول اور برطانوی پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ برطانیہ سے چوری ہونے والی اس لگژری گاڑی کے ٹریکر کی تازہ تفصیلات فراہم کریں جو حال ہی میں کراچی میں دیکھی گئی۔
11 نومبر، 2022 کو برطانیہ میں ہیروگیٹ سے ایک انتہائی مہنگی کالی رینج روور سپورٹ چوری ہوئی تھی جسے رواں سال فروری میں ٹریکر کی مدد سے کراچی کے علاقے کورنگی روڈ پر پایا گیا۔
اس حوالے سے انٹرپول نے مدد کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور سندھ پولیس کو ایک خط بھیجا۔
کراچی پولیس کے گاڑیوں کی چوری روکنے کے سیل کے سربراہ ایس ایس پی امجد احمد شیخ نے عرب نیوز کو انٹروپول سے خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’آج ہمیں انٹرپول سے ایک خط موصول ہوا جس میں برطانیہ سے چوری شدہ گاڑی کی برآمدگی میں معاونت کی درخواست کی گئی ہے۔‘
ان کا کہنا ہے ’یہ گاڑی 2022 میں چوری ہوئی تھی اور انٹرپول کی فراہم کردہ لوکیشن فروری کی تھی۔
’ہم نے آج انہیں (انٹرپول) ای میل کے ذریعے اس گاڑی کا موجودہ مقام فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایس ایس پی امجد احمد شیخ کا مزید کہنا ہے کہ ’جیسے ہی ہمیں تازہ معلومات موصول ہوں گی، کارروائی شروع کر کے گاڑی برآمد کر لی جائے گی۔‘
انٹرپول کے خط میں کہا گیا ’بیورو کو بتایا گیا کہ برطانیہ سے چوری ہونے والی ایک گاڑی رینج روور سپورٹ کو ٹریکر کے ذریعے پاکستان میں کراچی صدر کے مقام پر پایا گیا۔‘
خط میں کہا گیا ’گاڑی میں ٹریکر لگا ہے جس کے ذریعے ہم لیڈز تک پہنچے جہاں سے یہ گاڑی چوری ہوئی۔‘
انٹرپول کے خط میں مزید کہا گیا ’رینج روور وی آر ایم کا ٹیلی میٹکس ماڈیول 11 فروری، 2025 کو صبح 06:34 (یو ٹی سی وقت) پر درج ذیل مقام پر موجود تھا: کورنگی سروس روڈ، اعظم بستی، صدر ٹاؤن، ضلع کراچی پاکستان۔‘
برطانوی پولیس نے پاکستانی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس گاڑی کو ڈھونڈنے کی کوشش کریں۔