پاکستانی فوج نے انڈیا کی سیاسی اور عسکری قیادت کے حالیہ بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بدھ کو کہا ہے کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس بدھ کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں ملک میں ’دہشت گرد‘ حملوں سمیت سکیورٹی سے متعلق دیگر امور کا جائرہ لیا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کور کمانڈرز نے انڈیا کی سول و عسکری قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی جانب سے ’جنگی جنون کو سیاسی مفادات‘ کے لیے ہوا دینا ایک پرانی روش ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرناک ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’انڈیا کی قیادت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ اگر انڈیا نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو اس کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ پاکستان دشمن کی جغرافیائی برتری کے تمام تصورات کو خاک میں ملا دے گا۔‘
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی افواج نے غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابلِ تسخیر عزم، جذبے اور قربانیوں کی مثال قائم کی ہے۔‘
فورم نے انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، بدلتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی، جرائم اور سیاسی سرپرستی کے گٹھ جوڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’فورم نے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد تنظیموں جیسے’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندوستان‘ کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔‘
کور کمانڈرز نے پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں کو سراہا اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا۔
’فورم نے اس معاہدے کو دو برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات، کثیرالجہتی تعاون اور مشترکہ دفاعی ردعمل کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔‘
پاکستان فوج کے اعلیٰ کمانڈرز کے اجلاس میں فلسطینی عوام سے بھی اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ’جنگ بندی اور غزہ کے مظلوم عوام تک فوری انسانی امداد پہنچانے پر زور دیا۔ فورم نے فلسطین کے دو ریاستی حل کے اصولی مؤقف کو دہرایا۔‘
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے اختتام میں کہا گیا کہ فلیڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی فوج ’مکمل اعتماد کے ساتھ ملک کے دفاع کے لیے ہر قسم کے روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متوازن خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔‘