سلطان جوہر ہاکی کپ: پاکستان اور انڈیا کے چند کھلاڑیوں کا مصافحہ

ملائیشیا میں سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور انڈیا کے کھلاڑی میدان میں اترے تو ان میں سے کچھ کو آپس میں ہاتھ ملاتے دیکھا گیا۔

پاکستان اور انڈیا کی انڈر 21 ٹیموں کا ملائیشیا میں سلطان جوہر ہاکی کپ میں 14 اکتوبر 2025 کو میچ کھیلا جا رہا ہے (سکرین گریب/ ایشلے موریسن میڈیا)

ملائیشیا میں جاری سلطان جوہر ہاکی کپ میں منگل کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے جس میں غیر متوقع طور پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملائے۔

سلطان جوہر انڈر 21 ہاکی کپ میں بھی پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ سے قبل یہی توقع کی جا رہی تھی کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہاتھ نہیں ملائیں گے۔

اس سے قبل ہاتھ نہ ملانے کے تنازع کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے بعد کرکٹ کے ایشیا کپ سے شروع ہوا تھا۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان پہلے ہی میچ میں یہ تنازع اس وقت سامنے آیا تھا جب انڈین کپتان نے ٹاس کے موقع پر اور پھر میچ کے بعد بھی ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔

پاکستان نے اس معاملے کو آئی سی سی میں اٹھایا تھا جس کے بعد میچ ریفری کو پاکستانی کپتان اور مینیجر سے معذرت کرنا پڑی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مگر یہ معاملہ یہیں نہ رکا اور ایشیا کپ ہی کے فائنل تک چلتا رہا جہاں انڈین کپتان نے پاکستان کو ہرانے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔

تاہم منگل کو ملائیشیا میں سلطان جوہر ہاکی کپ میں پاکستان اور انڈیا کے کھلاڑی میدان میں اترے تو ان میں سے کچھ کو آپس میں ہاتھ ملاتے دیکھا گیا۔

یہ منظر دیکھ کر کامنٹیٹر نے بھی کہا کہ ’چند کھلاڑیوں کو آپس میں ہاتھ ملاتے دیکھ کر اچھا لگ رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’جہاں تک ممکن ہو کھیل کو دنیا کی تمام سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے۔‘

کرکٹ میں پہلے مردوں کے ایشیا کپ اور اس کے بعد ویمن ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کے ہاتھ نہ ملانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جہاں پاکستانی اور انڈین کھلاڑیوں نے نہ صرف ہاتھ ملائے بلکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے کے بعد تمام کھلاڑیوں نے روایتی انداز میں تالیاں بھی بجائیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل