ای چالان اور بھاری جرمانوں سے حادثات 50 فیصد کم: کراچی ٹریفک پولیس

ٹریفک پولیس کراچی کا کہنا ہے کہ قواعد پر عملدرآمد کروانے کے لیے دنیا بھر میں بھاری جرمانے کیے جاتے ہیں۔

ٹریفک پولیس کراچی نے کہا ہے کہ ای چالان اور بھاری جرمانوں کی بدولت شہر میں ٹریفک کے جان لیوا حادثات میں 50 فیصد کمی آئی ہے۔

کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گذشتہ 10 دن میں تقریباً 32 ہزار ای چالان کیے گئے، جن میں سے تقریباً 60 فیصد یعنی 19 ہزار 400 سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جاری ہوئے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق 27 اکتوبر سے شہر میں ای چالان متعارف ہونے کے نو دن بعد دوسرے نمبر سب سے زیادہ چالان موٹر سائیکل پر ہیلمنٹ نہ پہننے پر جاری ہوئے جب کہ تیسرے نمبر پر اوور سیڈنگ کرنے والوں کو ای چالان جاری ہوئے۔

ٹریفک پولیس کراچی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) کاشف ندیم کے مطابق یکم اکتوبر 2025 سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو براہ راست چالان دینا بند کردیا گیا ہے اور 27 اکتوبر سے ای چالان کا سلسلہ شروع کیا گیا، جسے فیس لیس چالان کہا جاتا ہے۔ اس کا مطلب کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی کیمرے کے ذریعے نشاندہی کی جاتی ہے، جس کے بعد خلاف ورزی کے مرتکب شہری کو اس کے پتے پر ای چالان بھیج دیا جاتا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں ڈی ایس پی ٹریفک کاشف ندیم نے کہا: ’اس نظام کے تحت کیمرہ ٹریفک قانون کی خلاف وزری کرنے والے کی گاڑی کی نمبر پلیٹ کو پڑھ کر ثبوت کے ساتھ ای چالان تیار کرتا ہے۔‘

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور ای چالان پر گفتگو کرتے کاشف ندیم نے کہا کہ ’موٹر سائیکل کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہونے پر پانچ ہزار، ہیلمٹ نہ پہننے پر 10 ہزار، خطرناک ڈرائیونگ پر 50 ہزار، سگنل توڑنے پر پانچ تا 50 ہزار اور غلط سمت میں موٹر سائیکل چلانے پر 25 ہزار جرمانہ ہو گا۔‘

اسی طرح ’کار اور جیپ کی اوور سپیڈ پر پانچ تا 15 ہزار، رانگ وے پر 30 تا 50 ہزار، بغیر لائسنس 25 تا 50 ہزار، کالے شیشے 25 ہزار، سگنل خلاف ورزی پر پانچ تا 15 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈی ایس پی ٹریفک نے مزید بتایا کہ ’بھاری گاڑی کی مقرر حد سے زیادہ رفتار پر 20 ہزار، اوور لوڈنگ پر 50 ہزار، رانگ وے پر ایک لاکھ، بغیر فٹنس یا انشورنس 10 تا 25 ہزار اور غیر رجسٹرڈ گاڑی پر 25 ہزار جرمانہ ہو گا۔

جبکہ ’ایمبولینس گاڑی کو راستہ نہ دینے، لائٹس استعمال نہ کرنے یا لین توڑنے پر 5 تا 20 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔‘

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالانز کی مجموعی رقم کے سوال پر کاشف ندیم نے کہا کہ اس وقت تمام رقم کا اندازہ لگانا ممکن نہیں، کیوں کہ ہر چالان کی رقم مختلف ہے۔

انہوں نے کہا: ’کچھ عرصے بعد نئے نظام کے تحت یہ پتہ لگ سکتا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری تمام ای چالانز کی مجموعی رقم کتنی تھی؟‘

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کی بھاری رقم کے سوال پر ڈی ایس پی کاشف ندیم نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے کیے جاتے ہیں، تاکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروایا جاسکے۔

بقول کاشف ندیم: ’مختلف ممالک میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اتنے بھاری جرمانے ہوتے ہیں کہ وہ گاڑی کی قیمت سے بھی زیادہ ہوتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان