پنجاب کے جنوبی ضلعے بورے والا کی تنگ گلیوں میں کھیلتے بچوں کے درمیان پلنے والے محمد ندیم شاید اُس وقت نہیں جانتے تھے کہ ایک دن وہ پاکستان کے لیے امید کی علامت بن جائیں گے۔
26 سالہ ندیم بیساکھی کے سہارے چلتے ضرور ہیں، مگر ان کے ارادوں کو کسی سہارے کی ضرورت نہیں۔ وہ پیرا گیمز میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنا چاہتے ہیں۔
’میرا مقصد صرف ایک ہے، جاپان میں ہونے والے 2026 ایشین پیرا گیمز میں چھ فٹ کی جمپ لگا کر نہ صرف ریکارڈ توڑوں بلکہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل بھی جیتوں۔‘
2014 میں پیش آنے والے ایک حادثے نے ندیم کی بائیں ٹانگ ہمیشہ کے لیے چھین لی۔ ڈاکٹروں نے بھی کہہ دیا کہ وہ مشکل سے چل پھر سکیں گے۔
ندیم بتاتے ہیں کہ وہ کئی سال تک چارپائی تک محدود رہے، پھر ایک دن یوٹیوب پر ایک غیر ملکی معذور ایتھلیٹ کی ہائی جمپ دیکھی، جس نے انہیں ایک نیا عزم دیا۔
’میں نے وہ ویڈیو دیکھی اور خود سے کہا کہ اگر وہ کر سکتا ہے تو میں کیوں نہیں؟ اسی دن فیصلہ کیا کہ میں ہائی جمپ کا ایتھلیٹ بنوں گا اور پاکستان کے لیے میڈل جیتوں گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ندیم کی انتھک محنت کی بازگشت پنجاب حکومت تک بھی پہنچی اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ انہیں پنجاب سٹیڈیم میں مکمل رہائش، ماہانہ وظیفہ، عالمی معیار کے کوچز اور جدید تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا ’محمد ندیم جیسے بہادر نوجوان پنجاب کا فخر ہیں۔ ایک ٹانگ کے باوجود ان کی محنت بہت سے صحت مند کھلاڑیوں کے لیے مثال ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ جاپان سے گولڈ لے کر واپس آئیں گے، انشاءاللہ۔‘
پنجاب سپورٹس بورڈ کے کوچ محمد اعجاز نے بتایا کہ ندیم دو سال سے سخت محنت کر رہے ہیں۔
’یہ نہ صرف ہائی جمپ میں غیر معمولی استعداد رکھتے ہیں بلکہ نیزہ بازی میں بھی بہترین ہیں۔ جتنی محنت یہ کرتے ہیں، اتنی تو کئی مکمل فٹ ایتھلیٹس بھی نہیں کرتے۔‘
ندیم پرعزم ہیں کہ وہ اپنے شہر سے خواب لے کر نکلے ہیں اور اسے پورا کر کے ہی واپس جائیں گے۔
’بہت سے لوگوں نے حوصلہ شکنی کی، لیکن وزیر اعلیٰ کی حوصلہ افزائی نے میرا حوصلہ دوگنا کر دیا۔ میڈل جیت کر یہ قرض ضرور اتاروں گا۔‘