قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے پیر کو سعودی عرب کا دورہ مکمل کیا جس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ملکوں نے ہائی سپیڈ ریل رابطہ قائم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ریاض میں سعودی، قطر رابطہ کونسل کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی جس میں تیز رفتار ریل رابطے سمیت دوطرفہ کو کثیر الجہتی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ دورہ ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کی دعوت پر ہوا۔
دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان بنائی جانے والی تیز رفتار ریل سروس ریاض کے کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دوحہ کے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جوڑے گی اور دونوں ممالک کے دارالحکومتوں کے درمیان سفر کا وقت کم ہو کر صرف دو گھنٹے رہ جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ہائی سپیڈ ریل کا یہ منصوبہ چھ سال میں مکمل ہو گا جس سے دونوں ملکوں میں 30 ہزار افراد کو ملازمتیں مل سکیں گے اور ریل سروس شروع ہونے کے بعد سالانہ ایک کروڑ سے زائد مسافروں اس کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔
ہائی سپیڈ ریل لائن کی طوالت 785 کلومیٹر ہو گی، جس پر 300 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے چلنے والی ٹرینیں چلیں گی۔
توقع ہے کہ یہ سروس خطے میں ریل سفر کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی اور تجارت و سیاحت کو فروغ دے گی۔ دونوں ممالک کو حاصل ہونے والے معاشی فوائد کا تخمینہ 115 ارب ریال (30.6 ارب ڈالر) لگایا گیا ہے۔
جدید ترین ٹیکنالوجیز اور سمارٹ انجینئرنگ کے ذریعے ڈیزائن کی گئی، یہ لائن ماحولیاتی پائیداری کا بھی خیال رکھے گی، کاربن کے اخراج کو کم کر کے اور زیادہ مؤثر اور جدید ٹرانسپورٹ آپشنز کی طرف منتقلی میں مدد دے گی۔
یہ اسے علاقائی ترقی کی حمایت کرنے اور خلیجی تعاون کونسل کے ممالک کے درمیان رابطے اور انضمام کو مضبوط بنانے والے کلیدی منصوبوں میں سے ایک بناتا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تجارتی روابط
سعودی، قطر رابطہ کونسل کے آٹھویں اجلاس میں بتایا گیا کہ دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات میں بھی مضبوطی آئی ہے اور 2024 میں دوطرفہ تجارت کا حجم 93 کروڑ ڈالر سے زائد تھا اور 2021 کے مقابلے میں 2024 میں دوطرفہ تجارت میں 634 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان قائم گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر 8 دسمبر 2025 کو قطر کے امیر نے مملکتِ سعودی عرب کا دورہ کیا۔
ریاض کے الیمامہ محل میں ہونے والی ملاقات میں قریبی دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے علاوہ مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے طریقوں پر بات چیت کے لیے باضابطہ مذاکرات کیے گئے۔
اجلاس میں ’سیاسی، سکیورٹی، عسکری، توانائی، صنعتی، اقتصادی، سرمایہ کاری، تجارتی، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر، ثقافت، سیاحت اور تعلیم سمیت ترجیحی شعبوں میں مربوط تعاون جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔‘
توانائی کے شعبے سے متعلق مشترکہ اجلاس میں کہا گیا کہ دونوں ممالک عالمی توانائی منڈیوں کے استحکام اور سپلائی کے تحفظ کے خواہاں ہیں اور بجلی، قابل تجدید توانائی، توانائی کی بچت اور سپلائی چین کے فروغ میں تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے
مشترکہ اعلامیے میں دونوں ممالک نے دفاع اور سلامتی کے لیے دہشت گردی، شدت پسندی، منشیات، سائبر سکیورٹی، بارڈر سکیورٹی اور جرائم کے خلاف تعاون جاری رکھنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کا عزم کا اظہار کیا۔