پاکستان کبڈی فیڈریشن نے جمعے کو عندیہ دیا ہے کہ بحرین میں کسی اجازت نامے کے بغیر انڈیا کی جانب سے میچ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی عبید اللہ راجپوت کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔
بحرین کے شہر سلم آباد کے گلف ایئر کلب میں 16 دسمبر کو ہونے والے تیسرے جی سی سی کبڈی کپ کے دوران عبید اللہ ایک میچ میں انڈیا کی قیمض پہن کر اور جھنڈا تھام کر کھیلے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
پاکستان کے عالمی کھلاڑی عبید اللہ کے اس میچ میں شرکت پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عبید اللہ نے اپنے فیس بک پر ویڈیو پیغام میں وضاحت کی کہ ہرسال یہ ٹورنامنٹ بحرین میں ہوتا ہے اور وہ پہلے بھی اس کپ میں شرکت کر چکے ہیں۔
’پہلے جس ٹیم سے کھیلا تھا انہوں نے اس بار نہیں بلایا۔ دوسری ٹیم نے بلایا تو چلا گیا۔‘
انہوں نے کہا ’حلفاََ کہتا ہوں مجھے پتہ نہیں تھا کہ ٹیموں کا نام انڈیا اور پاکستان رکھے جائیں گے۔ میدان میں داخل ہو رہا تھا تودوستوں نے کہا کہ آپ انڈیا کی طرف سے کھیل رہے ہو۔
’کمنٹیٹر کو کہا کہ وہ اعلان کریں کہ یہ انڈیا پاکستان کا میچ نہیں بلکہ لوکل کپ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہاں انڈیا پاکستان کے نعرے لگے۔ میرے ذہن میں ایسی کوئی بات نہیں تھی کہ نعرے لگیں گے اور جھنڈے لہرائے جائیں گے۔‘
کبڈی کھلاڑی کے بقول ’یہ صرف ایک کپ ہے۔ اگر یہ ورلڈ کپ ہوتا تو میں ضرور پاکستان سے کھیلتا کیونکہ میں پاکستانی ہوں۔ پاکستان پر جان بھی قربان ہے۔‘
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کچھ لوگوں نے منفی کمنٹس کیے۔ اگر میری وجہ سے کسی کا دل دکھا ہے تو معافی چاہتا ہوں۔
’اپنی فیڈریشن، استاد اورچاہنے والوں سے معذرت کرتا ہوں۔ اس کپ کو کپ ہی رہنے دیں، ورلڈ کپ ایسے نہیں ہوتے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رانا سرور کے مطابق انہیں سوشل میڈیا سے پتہ چلا کہ عبیداللہ انڈیا کی طرف سے پاکستان کے خلاف کھیلے۔
انہوں نے بتایا کہ ان مقابلوں میں شرکت کے لیے عبید اللہ سمیت کل 16 کھلاڑی گئے۔
’لیکن ان کھلاڑیوں نے وہاں سے سپانسر ویزے لیے اور چلے گئے۔ فیڈریشن کو آگاہ کیا نہ حکومت سے اجازت لی، جو قانون کے مطابق لازمی ہے۔‘
’یہ میچ اگرچہ کلبوں کی سطح پر ہوئے لیکن پاکستانی کا کھلاڑی کا انڈیا کے پرچم اور شرٹ پہن کر اپنے ملک کا نام بدنام کرنا ناقابل قبول ہے۔
’اس حوالے سے چئیرمین کبدی فیڈریشن چوہدری شافع حسین نے 27 دسمبر کو اجلاس طلب کیا ہے۔‘
انڈیا اور پاکستان کے درمیان رواں سال مئی میں محدود جنگ کے بعد ایک دوسرے کے لیے فضائی حدود بند ہیں جبکہ سرحد پر آمد ورفت اور تجارت بھی نہیں ہو رہی۔
دونوں ممالک کے درمیان ہر قسم کے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور حال ہی میں ایشیا کپ میں انڈیا کے کرکٹرز نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملا کر ایک بڑے تنازعے کو جنم دیا تھا۔