افغان وفد کی نواز شریف سے ملاقات: کہیں الزام تو کہیں خیر مقدم

افغان قومی سلامتی کونسل کے سربراہ حمد اللہ محب اور افغانستان کے وزیر مملکت برائے امن سید سعادت نادری سمیت ایک وفد نے گذشتہ روز لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی جس کے بعد کہیں نواز شریف پر تنقید ہو رہی ہے تو کہیں ملاقات کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے اس بات پر باہمی رضامندی کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کا ایک دوسرے کے اندورنی معاملات میں دخل اندازی نہ کرنا دونوں ریاستوں کے فائدے میں ہے (افغان قومی سلامتی کونسل)

افغانستان کی قومی سلامتی کونسل  کے مشیر حمد اللہ محب سمیت دیگر افغان رہنماؤں کی پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں جس پر حکمران جماعت کے اراکین بھی تنقید کر رہے ہیں، تاہم خارجہ امور پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے جمہوری نظام میں ایسی ملاقاتیں اہم ہیں۔

افغان سلامتی کونسل کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کونسل کے سربراہ حمد اللہ محب اور افغانستان کے  وزیر مملکت برائے امن سید سعادت نادری سمیت ایک وفد نے گذشتہ روز لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی جس میں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے اس بات پر باہمی رضامندی کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کا ایک دوسرے کے اندورنی معاملات میں دخل اندازی نہ کرنا دونوں ریاستوں کے فائدے میں ہے۔ اعلامیے کے مطابق: ’ملاقات میں دونوں ممالک میں جمہوری نظام کے تسلسل پر زور دیا گیا کیونکہ جمہوری نظام استحکام  اور خوشحالی  کی جانب  ایک راستہ ہے جس سے تجارت کو بھی فروغ ملتا ہے۔‘

اعلامیے میں کہا گیا کہ حمد اللہ محب نے پاکستان میں جمہوری نظام کے لیے کوششوں کی مکمل حمایت کی جبکہ نواز شریف نے کہا کہ مضبوط اور پر امن افغانستان پاکستان اور اس خطے کے مفاد میں ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس ملاقات کی تصویریں سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے جس میں بعض لوگ نواز شریف کی محب سے ملاقات پر تنقید کر رہے کیونکہ حمد اللہ محب کچھ عرصہ پہلے افغانستان میں ایک تقریب سے خطاب میں پاکستان اور پنجابیوں کے خلاف ’نازیبا الفاظ‘ استعمال کر چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ردعمل

صحافی گل بخاری نے لکھا کہ ’ہمارے مشرق اور مغرب میں موجود پڑوسی ممالک نے ہمیشہ ملک کے اصل رہنماوں نے ان لوگوں سے ملاقاتیں کی ہیں جو حقیقی معنوں میں امن میں دلچسپی رکھتے ہیں  اور ان کو اپنا دوست بنایا ہے۔‘

ڈاکٹر ثنا نامی صارف نے نواز شریف کو ’غدار ‘ قرار دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی اس ملاقات پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے مشیر شہباز گل نے نواز شریف کے ایجنڈے پر سوال اٹھایا۔

وفاقی وزیر شیریں مزاری نے بھی تنقید کی۔

صحافی حسن خان نے بھی اس ملاقات پر اپنا تجزیہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک جانب افغانستان کی حکومت پنجابیوں کے خلاف باتیں کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب کے  حکومتی عہدیداران پنجابی رہنماوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

تاہم جیونیوز سے وابستہ صحافی اعزاز سید نے  اس ملاقات کو ایک اچھا قدم قرار دیا۔

انہوں نے لکھا: ’ملاقاتوں سے مسائل کا حل نکلتا ہے اور یہ ملاقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے ایک اچھا قدم ہے۔‘

یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کے واقع کے بعد  افغانستان اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات خراب ہیں اور افغانستان اپنے سفارت کاروں کو واپس کابل بلایا ہے۔ 

اس ملاقات کو بعض تجزیہ کار بہت اہم سمجھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ایسی ملاقاتیں جمہوری نظام میں ہوتی رہی ہیں۔

اسلام آباد میں مقیم صحافی اور تجزیہ کار طاہر خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جب سفارتی حالات خراب ہیں تب تو ایسی ملاقاتیں اور بھی ہونی چاہیں کیونکہ جمہوری عمل میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کا پاکستانی سیاست میں اہم کردار ہے اور پاکستان کی بڑے سیاسی جماعتوں میں سے ایک کے سربراہ ہیں تو اسی وجہ سے یہ ملاقات بہت  اہم ہے۔

 طاہر خان نے بتایا:’ملاقات کا جو اعلامیہ جاری ہوا ہے وہ بہت مثبت ہے جس میں جمہوری عمل کے تسلسل کو جاری رکھنے، افغانستان میں جمہوری عمل کو مضبوط کرنے اور امن کی بات کی گئی ہے۔‘

اس کے علاہ طاہر خان نے بتایا کہ ایک ایسے وقت میں جب دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات خراب ہوں تو ایسی ملاقاتوں کی اہمیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے لیکن ’یہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستانی حکومت اور حکومت میں موجود ایک غیر سنجیدہ وزرا  کا گروپ اس ملاقات کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔‘

طاہر خان نے بتایا: ’ایسی مزید ملاقاتیں ہونی چاہییں جن میں  فریقین ایک دوسرے کے ساتھ گلے شکوے شئیر کرتے ہیں۔ افغانستان میں پاکستان کے سفیر نے حالیہ دنوں میں افغانستان کی حکومت مخالف سمیت درجنوں سیاسی جماعتوں ارو دیگر رہنماوں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔‘

افغان امور کے تجزیہ کار اور گذشتہ دو دہائیوں سے خیبر پختونخوا اور افغانستان کے معاملات پر رپورٹنگ کرنے والے رفعت اللہ اورکزئی نے کہا کہ یہ عام سی ملاقات ہے اور اس سے کسی قسم کی افغان پالیسی میں تبدیلی نہیں آ سکتی کیونکہ نواز شریف کی جماعت اپوزیشن میں ہے۔

رفعت اللہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’مجھے بذات خود یہ ملاقات عجیب لگی ہے۔ نواز شریف اور ان کی پارٹی افغان طالبان کے حوالے سے نرم رویہ رکھتی ہے اور اس کی مثال یہ ہے کہ 90 کی دہائی میں جب افغانستان میں کمیونسٹ حکومت کا خاتمہ ہوا تو افغان طالبان کو پاکستان مسلم لیگ نے سپورٹ کیا تھا۔ لیکن آج افغان حکومت جو طالبان کے خلاف لڑ رہی ہے، اس کے عہدیدار نواز شریف سے ملاقات کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا: ’اس ملاقات کا مطلب صرف یہی ہو سکتا ہے کہ نواز شریف اس ملاقات سے کچھ اداروں یا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ایک پیغام دینا چاہتے ہے (کہ وہ سیاست میں موجود ہیں)۔‘

رفعت نے بتایا کہ نواز شریف اس ملک کے تین بار وزیر اعظم رہ چکے ہیں  تو ان کی کسی پڑوسی ملک کے عہدیدار سے ملاقات کوئی مسئلہ نہیں بننی چاہیے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان