بیوی کے حلیے میں فلائٹ پر جانے والے کرونا سے متاثر شخص گرفتار

پولیس کے مطابق مزکورہ شخص اپنی اہلیہ کا شناختی کارڈ اور منفی کووڈ ٹیسٹ کی رپورٹ لیے نقاب پہنے پرواز میں سوار ہوا، تاہم کچھ دیر میں ہی پکڑا گیا۔

18 جولائی کی اس تصویر میں اپنی اہلیہ کے حلیے میں فلائٹ پر جانے والے کرونا سے متاثر  شخص ترناتے  شہر کے سلطان باب اللہ ایئر پورٹ پر دیکھے جا سکتے ہیں (اے پی)

انڈونیشیا میں کووڈ میں مبتلا ایک ایسے شخص کو پکڑ لیا گیا ہے جو اپنی بیوی کا حلیہ اختیار کر کے اندرون ملک جانے والی ایک پرواز میں سوار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

طیارے کے عملے کے ایک رکن نے انہیں کپڑے تبدیل کرکے اپنا معمول کا لباس پہنتے ہوئے پکڑا۔

اپنے نام کے ابتدائی حروف استعمال کرنے والے شخص نے طیارے پر سوار ہونے کے لیے چہرے پر مکمل نقاب کیا ہوا تھا۔

 انڈونیشیا کے شہر ترناتے کی پولیس کے سربراہ ادتیہ لکسیمادا نے کہا: ’انہوں نے اپنی بیوی کے نام سے طیارے کا ٹکٹ خریدا اور شناختی کارڈ، پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ اور بیوی کا ویکسینیشن کارڈ ساتھ لائے۔ یہ تمام دستاویزات ان کی بیوی کے نام سے تھیں۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ جکارتہ سے شمالی صوبہ ملاکو کے شہر ترناتے جا نے والی پرواز کے عملے کے ایک رکن نے انہیں ٹوائلٹ میں کپڑے تبدیل کرتے ہوئے دیکھ لیا تھا۔ 

پولیس نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ طیارے کے زمین پر اترنے کے بعد مذکورہ شخص کو حراست میں لے کر فوری طور پر ان کا ٹیسٹ کروایا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کرونا (کورونا) وائرس کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد انہیں خود کو گھر میں قرنطینہ کرنے کا حکم دیا گیا۔ پولیس کے مطابق قرنطینہ ختم ہونے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب انڈونیشیا ڈیلٹا ویریئنٹ کی وجہ سے کرونا وائرس کی تباہ کن لہر کی زد میں ہے۔ اس کے باوجود اس ماہ کے شروع میں حکومت پابندیاں نرم کرنے کی باتیں کر رہی تھی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام کی وجہ زیادہ تر معیشت کے مسائل ہیں۔

ایشیا میں کووڈ 19 کے مرکز ملک میں صحت کی دیکھ بھال کا نظام سخت دباؤ کا شکار ہے اور لوگ اپنے پیاروں کے لیے ہسپتال میں بستر، آکسیجن اور ادویات کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔

انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کرونا کیسز میں کمی کی صورت میں پہلے سے ہی اگلے ہفتے سے پابندیوں میں نرمی کی باتیں کر رہے ہیں۔ لیکن صحت کے ماہرین نے خبر دار کیا ہے کہ یہ فیصلہ ممکنہ طور پر ’قبل از وقت اور خطرناک ہو سکتا ہے۔‘

ملک میں جمعے کو کرونا وائرس کے 49 ہزار کیس اور 1566ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

اس وقت کہ جب جولائی کے وسط میں متاثرین کی تعداد میں 56 ہزار سے زیادہ کی کمی ہوئی، وبائی امراض کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسی عرصے میں ٹیسٹوں کی شرح بھی کم ہوئی جس کی وجہ سے یہ طے کرنا مشکل ہو گیا کہ آیا کووڈ 19 کے کیس واقعی کم ہو گئے ہیں۔

رپورٹ کی تیاری میں ایسوسی ایٹڈ پریس اور روئٹرز سے مدد لی گئی ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا