کنگسٹن ٹیسٹ: خراب بیٹنگ کے بعد پاکستانی بولرز کا جوابی وار

ویسٹ انڈیز ابھی 215 رنز کے خسارے میں ہے جبکہ اس کے دو اچھے بلے باز واپس لوٹ چکے ہیں۔

محمد عباس کروما بونر کو  آؤٹ کرکے جشن مناتے ہوئے (اے ایف پی فائل)

بارش سے متاثر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کنگسٹن ٹیسٹ کے پہلے دن بولرز چھائے رہے اور بلے بازوں کے صبر کا امتحان لیتے رہے۔

نم آلود موسم اور بارش سے متاثر وکٹ پر پہلے دن ہی 12 وکٹ گر گئے۔

پہلے دن کا کھیل جب خراب روشنی کے سبب 13 اوورز قبل ختم ہوا تو میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز اپنے دو اہم بلے باز کیرن پاول اور کروما بونر کو کھو چکی تھی جب کہ سکور بورڈ پر صرف دو رنز مجموعی سکور تھا۔

دونوں وکٹیں ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے والے محمد عباس نے حاصل کیں۔ انہوں نے پہلے کیرن پاول کو سلپ میں کیچ آؤٹ کرایا اور پھر اگلی ہی گیند پر بونر کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ دونوں کوئی رنز نہ بنا سکے۔

اس سے قبل جمیکا کے سبینا گراؤنڈ کنگسٹن میں پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کافی حد تک درست رہا۔

 پاکستانی ٹیم کے دونوں اوپنرز عابد علی اور عمران بٹ ویسٹ انڈین بولرز کے خلاف پریشان نظر آئے دونوں نو اور 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے باقی بلے بازوں میں صرف فواد عالم اور فہیم اشرف ہی کچھ اعتماد سے کھیل سکے۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 118 رنز بنا کر پاکستان کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فواد عالم نے 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ جبکہ فہیم اشرف 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم 30، محمد رضوان 23 اور اظہر علی 17 رنز بنا سکے۔

اظہر علی پہلے دن خوش قسمت رہے کہ چار دفعہ وہ ڈی آر ایس کی زد میں آئے اور ناٹ آؤٹ رہے لیکن یہ خوش قسمتی زیادہ کام نہ آئی اور وہ جلدی آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی پہلی اننگز 217 پر اختتام پذیر ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیسن ہولڈر اور جیڈن سیلز نے اچھی بولنگ کی اور تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز ابھی 215 رنز کے خسارے میں ہے جبکہ اس کے دو اچھے بلے باز واپس لوٹ چکے ہیں۔

پاکستانی بولرز کے لیے وکٹ میں ڈبل پیس اور بائٹ دوسرے دن بھی مدد گار ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ میزبان ٹیم کی بیٹنگ ناتجربہ کار ہے اور مہمان بولنگ کو اس وکٹ پر کھیلنا آسان نہیں ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ