لانگ مارچ میں لاکھوں لوگ شرکت کریں گے: شازیہ مری

بلاول بھٹو کی سربراہی میں عوامی مارچ کا آغاز اتوار27 فروری کو کراچی سے ہو گا جس کے بعد یہ مارچ سندھ اور پنجاب کے 34 مختلف شہروں سے ہوتا ہوا آٹھ مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا۔

سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا کہ ان کی جماعت کی جانب سے 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد تک اعلان کردہ مارچ پارٹی کا مارچ نہیں، بلکہ عمران خان حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ایک عوامی احتجاج ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ ان وجوہات کے باعث اس کا نام ہی عوامی مارچ ہے۔ جس میں حکومت کی پالیسی کے ستائے ہوئے لوگ شرکت کریں گے۔  

پی پی پی رہنما نے بتایا: ’اس مارچ میں ہاری اور کسان شریک ہوں گے۔ جن کو حکومت نے کھاد پر ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا۔ وہ مزدور جن کو پورا معاوضہ نہیں ملتا۔ وہ دفتر جانے والے افراد جو پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔ وہ سب اس مارچ میں شرکت کریں گے۔‘ 

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 30 جنوری کو پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ 

پی پی پی کے ایک حالیہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو کی سربراہی میں عوامی مارچ کا آغاز اتوار27 فروری کو صبح 10 بجے کراچی میں مزار قائد سے ہوگا۔

یہ مارچ کراچی سے 10 دن تک سندھ اور پنجاب کے 34 مختلف شہروں سے ہوتا ہوا 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا۔

عوامی مارچ پر آنے والی لاگت کے سوال کے جواب میں شازیہ مری نے کہا کہ 1967 میں پی پی پی کے قیام سے ہی پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’جب بھی پارٹی قیادت کسی بھی احتجاج کا اعلان کرتی ہے تو پارٹی کا ہر ایک رکن اپنے خرچے پر اس میں شریک ہوتا۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ یا پی ڈی ایم کو اس عوامی مارچ میں شرکت کی دعوت کیوں نہیں دی گئی؟ تو شازیہ مری کا کہنا تھا کہ کچھ وجوہات کی بنا پر پی پی پی اور اے این پی کو پی ڈی ایم سے نکلنا پڑا تھا۔

انہوں نے بتایا: ’مگر اس کے باوجود پی ڈی ایم میں شامل سیاسی پارٹیوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کا پارلیمان میں ورکنگ رلیشن شپ ہے۔

’حال ہی میں آصف علی زرداری نے لاہور میں اپوزیشن رہنما شہباز شریف سے ملاقات کرکے عوامی مارچ کے متعلق بتایا تو انھوں نے خوش آمدید کہا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ بھ عوامی مارچ میں شرکت کریں گے۔‘ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست