افسوس وزیراعظم نے صدر کے سوال کا جواب نہیں دیا: فواد چوہدری

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کے خط میں آئین سے متعلق اٹھائے گئے سوالوں میں سے کسی کا جواب نہیں دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اتوار کو لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کر رہے تھے (پی ٹی آئی/ ٹوئٹر)

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کے خط میں اٹھائے گئے سوالات میں سے کسی ایک کا بھی جواب نہیں دیا ہے۔

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’معلوم ہوتا ہے کہ وزیراعظم نے صدر کے خط کا جواب میڈیا کے کسی بندے سے لکھوایا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ صدر عارف علوی نے اپنے خط میں جو سوالات اٹھائے ان کا تعلق آئین پاکستان اور اس پر عمل درآمد سے ہے۔ ’لیکن افسوس کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان میں سے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔‘

صدر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو 24 مارچ کو خط لکھا تھا، جس میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے ممکنہ التوا اور تحریک انصاف کے اراکین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر عارف علوی کو لکھے گئے جوابی خط میں کہا ہے کہ ’آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو آپ نے مکمل طور پر نظر انداز کردیا جو نہایت افسوس ناک ہے۔‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین پر عمل درآمد کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات مینار پاکستان کے جلسے میں ’لاکھوں پاکستانیوں نے پی ڈی ایم کی موجودہ حکومت کو مسترد کر دیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں اس وقت عدلیہ نے اہم کردار ادا کرنا ہے۔

’عدلیہ کو پتا ہے کہ ساری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے اس لیے ان کا رول اہم بنتا ہے۔‘

اسد عمر نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں بدترین قسم کی فسطایئت کا راج ہے اور جب تک ملک میں ایسا چلتا رہے گا جمہوریت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران ملک کو تباہی کے علاوہ کہیں نہیں لے جا رہے۔

ہفتے کو سابق وزیراعظم عمران خان کے مینار پاکستان پر جلسے سے متعلق انہوں نے کہا کہ لاکھوں لاہوری خود گھروں سے نکلے۔

’یہ سب لوگ ’کنتان‘ کے لیے نہیں بلکہ اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے نکلے۔‘

اسد عمر کا کہنا تھا کہ آنے والا ہفتہ ملک کی تاریخ کے لیے اہم ثابت ہو گا۔

’کون گارنٹی دے گا کہ یہ انتخابات کے نتائج تسلیم کریں گے‘

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اس بات کی ضمانت کون لے گا کہ عمران خان انتخابات کے نتائج تسلیم کرے گا۔

مریم نواز نے اتوار کو لاہور میں مسلم لیگ ن کے لائرز ونگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی جو انتخابات آگے کیے گئے ہیں اس میں کہا جا رہا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کل اگر پنجاب کا الیکشن مسلم لیگ ن جیت جاتی ہے تو کیا گارنٹی ہے کہ وہ یہ فیصلہ مان لیں گے۔‘

’اور خیبرپختونخوا میں ان کی فالوونگ زیادہ ہے تو وہ وہاں انتخابات جیت جاتے ہیں تو کون اس بات کی گارنٹی دے گا کہ وہ جیت کر دوبارہ اسمبلی نہیں توڑیں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست