پی ٹی آئی کا اسلام آباد کے 101 مقامات پر اجتماعات کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ علی نواز اعوان نے اسلام آباد انتظامیہ کو بذریعہ خط باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر جلسوں کا اعلان بھی کیا ہے (فائل فوٹو اے ایف پی)

پاکستان تحریک انصاف نے 14 مئی کو ’آئین، چیف جسٹس اور سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی‘ کے لیے دارالحکومت اسلام آباد کے 101 مقامات پر عوامی اجتماعات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے پیر کو اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے اسلام آباد انتظامیہ کو بذریعہ خط باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے بیان میں اسلام آباد کے ان 101 مقامات کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے جہاں ان اجتماعات کا انعقاد کیا جانا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دس مئی سے ملک گیر جلسوں کا بھی اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق پہلے مرحلے میں مریدکے، گکھڑ، لالہ موسیٰ، گوجر خان اور اٹک میں جلسے کیے جائیں گے۔

اسلام آباد کے 101 مقامات پر عوامی اجتماعات کے حوالے سے علی نواز اعوان کا کہنا ہے کہ ’تحریک انصاف 14 مئی بروز اتوار شام 4 بجے آئین، چیف جسٹس اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے 101 مقامات پر پرامن اجتماعات منعقد کرے گی۔‘

علی نواز اعوان کا کہنا ہے کہ ’دستور پاکستان اپنے آرٹیکل 15،16،17 اور 19 کے ذریعے شہریوں کو نقل و حرکت، اجتماع، اظہار اور ایسوسی ایشن کے بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔‘

انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ ’سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس اپنے فیصلوں میں سول انتظامیہ کو عوام کے بنیادی حقوق متاثر کیے بغیر امور سرانجام دینے کا پابند کرچکی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل بھی پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عوام سے درخواست کی تھی کہ وہ چھ مئی کو ’چیف جسٹس آف پاکستان اور آئین سے یکجہتی‘ کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکلیں۔

عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ’اپنے آئین، سپریم کورٹ، بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے اور چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ کو مغرب سے ایک گھنٹہ پہلے آپ اپنے گھروں سے باہر نکلیں، اپنے محلوں میں جائیں، گاؤں میں ہیں تو گاؤں میں نکلیں۔‘

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کی چیئرمین تحریک انصاف عمران سے ملاقات ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ملاقات میں  ’ملک کی سیاسی صورت حال اور تحریک انصاف کی سیاسی حکمتِ عملی سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

بیان کے مطابق عمران خان اور چودھری پرویز الہیٰ نے ’آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور چیف جسٹس سمیت معزز عدلیہ سے بھرپور اظہارِ یکجہتی پر اتفاق کیا ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست