کراچی میں کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے والے ادارے کی انتظامیہ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کرنے اور انہیں گاربیج ڈمپنگ سائٹ تک محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
شہر بھر سے آلائشیں جمع کرنے کے لیے عملے، گاڑیوں اور کولیکشن پوائنٹس سمیت گاربیج ڈمپنگ سائٹ پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے خندقیں بھی کھود دی گئی ہیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے صوبے میں کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے قائم کردہ سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشنز طارق علی نظامانی نے کہا کہ کراچی میں آلائشیں جمع کرنے کے لیے 117 مقامات پر کولیکشن پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں طارق علی نظامانی نے بتایا : ’یہ 117 کولیکشن پوائنٹس کراچی کے سات اضلاع کے 25 ٹاؤنز میں قائم کیے گئے ہیں۔‘
طارق علی نظامانی کے مطابق : ’جہاں پہلے مرحلے میں گھروں، محلوں اور گلیوں سے آلائشین جمع کرکے ان کولیکشن پوائنٹس پر لائی جائیں گی، جہاں سے گاڑیوں کے ذریعے پہلے عارضی کچرا دان یا گاربیج ٹرانفسر سٹیشن اور بعد میں شہر سے باہر موجود گاربیج ڈمپنگ سائٹ منتقل کی جائیں گی۔‘
آلائشوں کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے جام چھاکرو لینڈ فل سائیٹ اور گوند پاس لینڈ فل سائیٹ کے پاس 18 بڑی سائیز کی خندقیں کھودی گئی ہیں۔
طارق علی نظامانی نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران کراچی کے سات اضلاع بشمول کراچی شرقی، جنوبی، ملیر، غربی، کیماڑی، وسطی اور کورنگی سے 75 ہزار ٹن آلائشیں اور 35 ہزار ٹن عام کچرے سمیت 110 ٹن کچرے کو ٹھکانے لگانے کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
’آلائشیں اور کچرے کو اٹھانے کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ نے 24 ہزار عملے کے افراد اور 7000 گاڑیوں، کرینوں اور دیگر مشینوں کا انتظام کر رکھا ہے۔
’ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں شہری 1128 پر کال کر کے آلائشیں اور کچرا نہ اٹھانے سے متعلق شکایات درج کروا سکتے ہیں۔‘
طارق علی نظامانی کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ کو عیدالاضحیٰ کے دوران پانچ دن تک آلائشیں اٹھانے کا کام کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں بوہرہ کمیونٹی عیدالاضحیٰ سے ایک دن پہلے قربانی کرتی ہے جبکہ اہل حدیث سے منسلک افراد عید قرباں کے چوتھے روز جانور ذبح کرتے ہیں اور یوں انتظامیہ کو پانچ روز تک کام کرنا پڑتا ہے۔
کھالیں جمع کرنے پر پابندی
حکومت سندھ نے عیدالاضحیٰ پر بغیر اجازت کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے صوبے میں تین روز کے لیے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کو نافذ کرتے ہوئے صوبے میں تمام اقسام کے اسحلے کے اجازت نامے بھی منسوخ کرتے ہوئے اسحلہ کی نمائش اور استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی ہو گی۔
فرقہ واریت میں ملوث فورتھ شیڈول میں شامل کسی بھی جماعت یا فرد کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
پرندوں سے متعلق سول ایویشن اتھارٹی کی آگاہی مہم
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سول ایویشن اتھارٹی پاکستان کے ترجمان سیف اللہ خان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی انتظامیہ نے میدانِ ہوائی کے اطراف کے علاقوں میں پرندوں کے خطرے سے متعلق آگاہی مہم شروع کر دی ہے۔
مہم کا بنیادی مقصد عیدالاضحی کے دوران قربانی کی باقیات کو ٹھیک سے ٹھکانے لگانے کی ترغیب دینا ہے۔
بیان کے مطابق مہم کا مقصد بیداری پیدا کرنا ہے کے پرندوں کا جہازوں سے ٹکرانا بڑے حادثہ کا سبب بن سکتا ہے۔ مہم کے دوران کراچی ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں عوام میں معلوماتی پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔ چیدہ چیدہ مقامات پر بینرز لگائے گئے اور مقامی آبادی میں ڈسپوزل بیگز بھی تقسیم کئے گئے۔
بیان کے مطابق : ’دوکانداروں اور فوڈ آؤٹ لیٹس اور ہوٹل مالکان کو کھانے پینے کی اشیا کو ٹھیک طریقے سے ٹھکانے لگانے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
ائرپورٹ انتظامیہ نے اس سلسلے میں مقامی حکام، کمیونٹی معززین اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔
’ان ملاقاتوں میں ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے قربانی کی باقیات کو ٹھیک سے ٹھکانے لگانے کی اہمیت اور محفوظ ہوائی سفر کے ربط کو اجاگر کیا۔ جہازوں کو پرندوں کے حوالے سے لاحق خطرات سے متعلق آگاہی مہم کو کمیونٹی کی طرف سے زبردست مثبت ردعمل مل۔‘