پاکستان میں وکلا کی سب سے بڑی تنظیم پاکستان بار کونسل کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ نو ستمبر کو عام انتخابات کی تاریخ کے مطالبے پر ملک بھر میں وکلا ہڑتال کریں گے۔
منگل کو اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین حسن رضا پاشا نے کہا کہ ’نو ستمبر کو تمام پاکستان میں ملک گیر ہڑتال ہو گی۔ کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہو گا۔‘
حسن رضا کا کہنا تھا کہ ’موجودہ آئینی بحران اور مہنگائی‘ کے خلاف ’عملی اقدامات‘ اٹھانے کے لیے پاکستان بار کونسل کی کال پر پنجاب، بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخواا اور اسلام آباد بار کونسل کی کمیٹیوں کا اجلاس بلایا گیا تھا۔
حسن رضا پاشا کے مطابق اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی کہ ’صدر پاکستان اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے آرٹیکل 48(5) کے تحت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں جو کہ 90 دن کے اندر اندر آرٹیکل 224 کے تحت بنتی ہے۔
’نہ تو انہیں کسی سے مشاورت کرنے کی ضرورت ہے کیوںکہ وہی آئین کی تاریخ دینے کے قابل ہیں۔‘
اجلاس میں بجلی، گیس اور ٹیلی فون کے بلوں پر مراعات کے حوالے سے قرارداد بھی پیش کی گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حسن رضا پاشا نے کہا کہ موجودہ حکومت انتظامی حکم کے تحت ایک ہفتے کے اندر اندر ’ججز، جنرلز اورسرکاری عہدیداروں‘ کو سرکاری خزانے سے مفت بلوں کی سہولت کو ختم کرے۔
گمشدہ افراد کے حوالےسے حسن رضا پاشا نے کہا کہ ملک میں گمشدہ افراد کا مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ’گمشدہ افراد کو عدالتوں کے روبرو پیش کریں اور اگر ان کے خلاف الزام ہے تو انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔‘
حسن رضا پاشا نے یہ بھی کہا کہ تمام بار کونسلز کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف ریفرنس پر فوری سماعت ہونی چاہیے۔
انہوں نے اگلے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے بھی مطالبہ کیا کہ عہدہ کا حلف اٹھانے کے بعد وہ ان ریفرنسز پر کارروائی شروع کریں گے۔
حسن رضا پاشا نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سے پہلے یوٹیلیٹی بلز میں مراعات کل ہی واپس لیں اور آئین کے تحت انتخابات کی تاریخ دیں۔