ڈی آئی خان: پولیس وین کے قریب دھماکے میں پانچ اموات

ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ٹانک اڈے میں دھماکے میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 21 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

تین نومبر، 2023 کو خیبر پختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں ایک پولیس وین کے قریب دھماکے کے بعد کا منظر(ریسکیو 1122)

پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان جمعے کو پولیس کی وین کے قریب دھماکہ ہوا ہے، جس میں پانچ اموات ہوئی ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ ٹانک اڈے کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 21 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ڈی آئی خان کے کینٹ  پولیس سٹیشن کے اہلکار ضمیر عباس نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’مین روڈ پر پولیس کی نفری جا رہی تھی کہ ان کو نشانہ بنایا گیا۔‘ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس اہلکار ضمیر عباس نے بتایا کہ اس جگہ پر ہر وقت لوگوں کا رش رہتا ہے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے ایک سینیئر ضلعی افسر ظفر اسلام نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ بم ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا اور اس کا ہدف پولیس وین تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مرنے والے تمام عام شہری تھے جبکہ زخمیوں میں ایک خاتون، سات سالہ بچہ اور آٹھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان سابق قبائلی علاقوں، جنہیں فاٹا کے نام سے جانا جاتا ہے، کے سنگم  پر واقع ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ’دہشت گرد حملے کی شدید مذمت‘ کرتے ہوئے کہا کہ ’جب تک دہشت گردی کا ناسور ارض پاک سے ختم نہیں ہو جاتا تب تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان