گوادر کی بیچ کنٹینر لائبریری جو نوجوانوں کی پسندیدہ جگہ ہے

گوادر میں سمندر کے کنارے موجود یہ کنٹینر ’بیچ کنٹینر لائبریری‘ کے نام سے مشہور ہے اور نوجوان یہاں بیٹھ کر مطالعے کے ساتھ ساتھ امتحانات کی تیاری بھی کرتے ہیں۔

بلوچستان کے شہر گوادر کے ساحل پر موجود سرخ رنگ کا یہ ڈبہ نما کنٹینر جسے یوں تو ملکی سیاست میں اچھے نام سے یاد نہیں کیا جاتا لیکن یہاں اس کا ایک مثبت اور منفرد مقام ہے۔

اس ڈبہ نما کنیٹر کے قریب جا کر ہر نیا سیاح حیران رہ جاتا ہے کیوں کہ یہ ایک لائبریری ہے۔

سمندر کے کنارے یہ کنٹینر ’بیچ کنٹینر لائبریری‘ کے نام سے اس وقت مشہور ہوا جب چند مقامی نوجوانوں نے اسے خالی رکھنے اور روڈ بلاک کرنے کے بجائے سمندر کے کنارے ایک پر سکون جگہ پر کتابیں رکھ کے لائبریری کی شکل دے دی۔

اب سیر و تفریح کے لیے آئے لوگ اس کو دیکھے بغیر گوادر سے نہیں نکلتے۔

گوادر بیچ کنٹینر لائبریری کے رضاکار لائبریرین عبدالعزیز بلوچ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ کنٹینر روٹری کلب کی جانب سے آج سے چار سال قبل 19 دسمبر 2019 کو دس ہزار کے قریب کتابوں کے ساتھ عطیے کے طور پر آیا تھا جو کہ ضلعے کے مختلف تعلیمی اداروں میں تقسیم کی گئیں۔

’بعد میں ہم نے سوچا اس کنٹینر کو خالی رکھنے کے بجائے کیوں نہ اس کو سمندر کے کنارے پر رکھ اس کے اندر ایک لائبریری بنا دی جائے۔

’ہم دوستوں کی کوشش آخر رنگ لائی اور ہم نے اسے ایک لائبریری کی شکل دی تو جلد ہی مقامی طلبہ و طالبات اس سے مستفید ہونا شروع ہو گئے۔‘

عزیز کے مطابق ’اس لائبریری میں پانچ سے چھ طلبہ روزانہ کی بنیاد پر پڑھنے کے لیے آتے ہیں، اس وقت زیادہ رش ہوتا ہے جب شہر میں تعلیمی اداروں کی امتحانات ہوتے ہیں۔ یہاں اکثر یونیورسٹی کے طلبہ تیاریوں کے سلسلے آتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عزیز بلوچ کہتے ہیں کہ ’موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم شام چار بجے اسے کھولتے ہیں کیونکہ یہ کنٹینر ہے دن کے وقت اس میں تپش زیادہ ہوتی ہے۔ اس لیے دن کے اوقات اس میں بیٹھ کر مطالعہ کرنا مشکل ہے۔ یہ لائبریری شام چار بجے سے رات نو بجے تک کھلی رہتی ہے۔‘

ان کے مطابق ’اس وقت اس لائبریری تقریباً 800 کے قریب مختلف موضوعات کی کتابیں موجود ہیں جن میں ادب، سائنس، تاریخ اور دیگر سماجی موضوعات کی کتابیں ہیں۔ یہاں شام کے اوقات گیمنگ بھی ہوتی ہے خاص طور پر شطرنج کے شوقین یہاں بیٹھ کر اپنا پسندیدہ کھیل کھیلتے ہیں۔‘

گوادر یونیورسٹی کے طالب علموں خالد تاج اور شہزار محمد، جو یہاں روزانہ امتحانات کی تیاری کرنے آتے ہیں کہتے ہیں کہ ’ہم نے تیاری اور مطالعہ کے لیے اس کنٹینر لائبریری کو چنا ہے کیوں کہ یہاں پرسکون ماحول ہے۔

’سمندر کے کنارے جہاں سمندر کی لہروں گونج سے لطف اندوز ہو کر کورس کے علاوہ پاؤلو کوئیلو کے ناولوں اور دیگر فکشن کا مطالعہ کرنے کی ایک منفرد لذت ہے اس سے ہم بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ادب