کراچی، مزید دو مسافروں میں جے این ون کرونا ویریئنٹ کی تصدیق: محکمہ صحت

سندھ کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے کراچی آنے والے مزید چھ مسافروں کے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں سے دو میں کرونا کے جے این ون ویریئنٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔

27 جنوری، 2020 کی اس تصویر میں پشاور ایئرپورٹ پر ایک اہلکار بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا درجہ حرارت چیک کرتے ہوئے(اے ایف پی)

سندھ کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے کراچی آنے والے مزید چھ مسافروں کے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں سے دو میں کرونا (کورونا) کے جے این ون ویریئنٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق اب تک بیرون ملک سے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والے 15 مسافروں کے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔ جن میں ہفتے اور اتوار کو بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے چھ مسافر بھی شامل ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ شبیر علی بابر نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان چھ میں سے دو افراد میں کرونا کے جے اے این ویریئنٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ’جے این ون ویریئنٹ سے متعلق محکمہ صحت الرٹ ہے اور سندھ کے تمام ڈی ایچ اوز، ٹی ایچ کیوز اور ہسپتالوں میں ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

’اس وائرس کے زیادہ طاقتور نہ ہونے کے باعث متاثرین کو گھروں پر ہی قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘

طبی ماہرین کے مطابق کوویڈ19 کا نیا ویریئنٹ جے این ون کوویڈ 19 کے جیسا طاقتور نہیں ہے تاہم احتیاط ضروری ہے۔

جن مسافروں کے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں مینگورہ، میر پور ماتھیلو، رحیم یار خان، جیکب آباد اور پشاور کے رہائشی شامل ہیں جو بیرون ملک سے کراچی پہنچے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ان مسافروں کا ٹیسٹ کوویڈ 19 کی ممکنہ علامات کے پیش نظر کیا گیا تھا۔ ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کے پندرہ مثبت کیسوں میں سے 11 مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ مثبت جبکہ چار کے نتائج آنا باقی ہیں۔ جبکہ 11 مثبت پی سی آر ٹیسٹ کیسز میں سے دو مسافروں کے جے این ون ویریئنٹ مثبت ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان کے مطابق اب تک جے این ون ویریئنٹ کے سات مثبت کیسز میں سے دو بیرون ملک جبکہ پانچ مقامی ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کوویڈ19 کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اس سے قبل پاکستان کی وزارت صحت نے گذشتہ پیر کو ملک میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ جے این ون کے چار کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ صورت حال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کرونا کا نیا ویریئنٹ اومیکرون کا ذیلی وائرس ہے۔

ترجمان کے مطابق ’تمام متاثرہ افراد میں نئے کورونا ویریئنٹ کی ہلکی علامات تھیں اور چاروں مریض بغیر کسی پیچیدگی کے صحت یاب ہو چکے ہیں۔‘

بیان کے مطابق نگران وزیر صحت کی ہدایات پر بیماریوں کی نگرانی کے لیے بارڈر ہیلتھ سروسز، قومی و صوبائی ہیلتھ اتھارٹیز، لیبز مکمل فعال اور چوکس ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت