پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے بعد حکومت سازی اور دیگر سیاسی سرگرمیوں پر انڈپینڈنٹ اردو کی لائیو اپ ڈیٹس۔
- وزیراعظم شہباز شریف کی حلف برداری آج ہو گی
- صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی مد مقابل
4 مارچ شام 5 بجکر 40 منٹ
سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں: الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیر کو جاری فیصلے میں کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور مخصوص نشستوں کے کوٹے کا حقدار نہیں ہے۔
اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن نے وجوہات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سنی اتحاد کونسل کی درخواست میں قانونی سقم ہیں جن کا کوئی حل موجود نہیں اور قانون کے مطابق جماعت نے مخصوص نشستوں کے لیے ضروری فہرستیں بھی مقرر کردہ وقت میں فراہم نہیں کی تھیں۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشستیں خالی نہیں رہیں گی بلکہ سیاسی جماعتوں کو ان کی جیتی گئی سیٹوں کے تناسب سے دی جائیں گے۔ الیکشن کمیشن دفتر کو اس حوالے سے کوٹے کے تعین کا حکم دیا گیا ہے۔
مخصوص نشستوں کے حوالے سے کیس کی کارروائی چیئرمین سکندر سلطان راجہ اور چار دیگر اراکین (نثار احمد درانی، شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ خان) نے سنی۔ تاہم بابر حسن بھروانہ نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اختلافی نوٹ لکھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے سینیٹ میں بات کرتے ہوئے مخصوص نشستوں کو مسترد کیے جانے کے بعد صدر اور سینیٹ کے الیکشن نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور اسے چیلنج بھی کریں گے۔
4 مارچ شام 4 بجکر 25 منٹ
امریکی سفیر کی شہباز شریف کو وزیر اعظم بننے پر مبارک باد
اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پیر کو شہباز شریف کو بطور وزیر اعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔
ایکس پر ایک پیغام میں امریکی سفیر نے کہا: ’میں نے آج شہباز شریف کو بطور وزیر اعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ میں اپنے باہمی مفادات پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔‘
“I extended my congratulations to Shehbaz Sharif today on his assumption of office as Prime Minister of Pakistan. I look forward to working closely with the government and people of Pakistan on our mutual interests.” DB
— U.S. Embassy Islamabad (@usembislamabad) March 4, 2024
4 مارچ سہ پہر 3 بجکر 25 منٹ
سعودی ولی عہد کی شہباز شریف کو مبارک باد
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دی ہے۔
شہباز شریف نے پیر کو دوسری مرتبہ بطور وزیراعظم پاکستان عہدے کا حلف اٹھایا۔
ایس پی اے نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان شہباز شریف کی بطور وزیر اعظم پاکستان حلف برداری کے موقع پر انہیں مبارک باد دیتے ہیں۔‘
4 مارچ سہ پہر 3 بجکر 20 منٹ
شہباز شریف نے بحیثیت وزیر اعظم حلف اٹھا لیا
پاکستان مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں شہباز شریف سے پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لیا۔
4 مارچ دوپہر 2 بجکر 30 منٹ
سائفر ایک حقیقت ہے، پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرنے والوں کا ٹرائل ہنا چاہیے: چیئرمین پی ٹی آئی
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہرعلی خان کا کہنا ہے کہ سائفر ایک حققیت ہے اور عمران خان کے بجائے جن لوگوں نے سازش سے پی ٹی آئی کی حکومت ختم کروائی ان کا ٹرائل ہونا چاہیے۔
پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حذب اختلاف پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ آپس میں عہدے بانٹتے ہیں۔
’ان کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ جمہوری نہیں مفاد پرست لوگ ہیں۔‘
بیرسٹر گوہر علی خان نے ’خاندانی سیاست‘ جاری رکھنے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور اور پاکستان مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا: ’وہ ہمیں لیکچر دیتے ہیں (لیکن) انہیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے۔‘
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اگر انہیں اپنی جمہوریت اور حقوق پر اتنا ہی فخر ہے تو ہمیں ایک لفظ بتائیں جو انہوں نے اس وقت بولا تھا جب پی ٹی آئی کی خواتین جیل گئیں تھیں۔ کیا انہوں نے مذمت میں ایک لفظ بھی کہا؟‘
رہنما پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ عمران نے ’خاندانی سیاست کا خاتمہ کیا‘ اور یہی وجہ تھی کہ ’اپنے جیسے کارکن‘ کو پارٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔
’کیا پیپلز پارٹی میں صدر کے عہدے کے لیے کوئی ایسا شخص نہیں جسے آپ نے زرداری کو نامزد کیا ہو؟‘
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ کل (اتوار) جمہوریت کے لیے بہت افسردہ دن تھا۔ آج دو بڑے ہمیں جمہوریت کا درس دے رہے ہیں۔ نام کے ساتھ بھٹو کا لفظ لگا لینے سے کوئی بھٹو نہیں بن جاتا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ (بلاول بھٹو) ابھی نانا کی سیاست دفن کر کے گئے ہیں۔ جمہوریت کا درس دینے والے نے خود نانا کی سیاست دفن کر دی۔ وہ ہار کہاں گئے جو سوئٹزرلینڈ میں رکھے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوچا نہیں تھا کہ جس کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے اس کے ہاتھ میں ایٹمی بٹن دے دیا جائے گا۔
4 مارچ صبح 1 بجکر 10 منٹ
محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپہ: اراکینِ قومی اسمبلی کی مذمت، تحقیقات کا مطالبہ
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر اور عمر ایوب خان نے محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کی۔
عمر ایوب نے کہا کہ ’میری تقریر بار بار انٹرپٹ کی گئی جس پر پری ویلج موشن پیش کر رہے ہیں۔ نمبر دو ہمارے اتحادی اور صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپا مار گیا، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔‘
عمر ایوب نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کا ایک ورکرز فارم 45 کے خلاف احتجاج کر رہا تھا، انہیں پنجاب پولیس نے غیرقانونی طور پر حراست میں لیا اور تشدد کیا جو اب بستر مرگ پر ہے، جس کے خلاف پنجاب پولیس ایف آئی آر درج نہیں کر رہی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ میرے دوحلقوں میں دوبارہ گنتی ہونی ہے این اے 79، این اے 81، این اے 154، این اے 97 کی فضول میں دوبارہ گنتی کرائی ہے جو بالکل بنتی ہی نہیں۔‘
4 مارچ صبح 12 بجکر 50 منٹ
نو مئی واقعات پر چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے بھی قومی اسمبلی اجلاس کے دوران صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کی۔
قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مار کے صدارتی انتخاب کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اس واقعے پر ایکشن لینے کی اپیل کی اور فلور محمود خان اچکزئی کو دینے کی درخواست کی، بعد ازاں بلاول بھٹو نے کہا کہ ’یہ نہ میرا ہے، نہ ان کا ہے، یہ تمام اداروں کی ماں ہے۔
بلاول نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں ان بزرگوں سے اپیل کرتا ہوں، جو چھ چھ مرتبہ اسمبلی میں آئے ہیں، کہ ہم ایسے فیصلے لیں کہ نوجوانوں کا مستقبل روشن ہو۔
’اگر ان میں سے کوئی یہ فیصلہ کرے کہ وہ اس ہاؤس کا رکن بننا چاہے، وہ سیاست دان بننا چاہے وہ اپنے عوام کے مسائل کا حل نکالنا چاہے تو اس کے لیے آسانیاں پیدا ہوں، انہیں ہمیں دعا دینی چاہیے کہ اچھے فیصلے لیے نہ کہ گالیاں کہ یہ کس قسم کے لوگ تھے جنہوں نے اپنے ہی ادارے کو کمزور کر دیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان جہاں ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ہم بہت ہی خطرناک مرحلے میں پہنچ چکے ہیں، ایک طرف ہمارا معاشی بحران کے بارے میں تمام ارکان واقف ہیں۔ عوام چاہتے ہیں ہم ان کو اس معاشی بحران سے نکالیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’تمام ارکان کی تقریر پی ٹی وی پر لائیو چلائی جائے اور عمران خان کی ڈالی ہوئی روایت ختم کی جائے۔‘
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نو مئی کے واقعات کی تحقیق کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیں تاکہ گنہگاروں کو سزا دی جا سکے اور بے گناہ رہا ہو سکیں۔
4 مارچ صبح 10 بجکر 30 منٹ
خیبرپختونخوا اسمبلی: وزیراعلیٰ آج مالی معاملات کی قرارداد پیش کریں گے
خیبر پختونخوا اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور صوبے کے مالی معاملات کے حوالے سے قرارداد پیش کریں گے۔
صوبائی اسمبلی کے ایجنڈے کے مطابق یہ قرار آئین کے آرٹیکل 125 کے تحت پیش کی جائے گی۔ یہ آرٹیکل مالی سال کے دوران مختصر دورانیے کے لیے اسمبلی کو گرانٹ پیش کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
نامہ نگار اظہار اللہ کے مطابق خیبر پختونخوا کی سابق نگران حکومت نے صوبے کے لیے چار ماہ یعنی جون تک کی بجٹ کے لیے نگران کابینہ سے منظوری نہیں لی تھی۔ امکان یہی ہے کہ اجلاس میں چار ماہ کا بجٹ پیش کر کے اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا۔
4 مارچ صبح 10 بجکر 05 منٹ
صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر مبینہ چھاپے کے خلاف احتجاج کا اعلان
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے پی کے میپ کے رہنما اور سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
صحافی اعظم الفت کے مطابق کوئٹہ میں اتوار کی شب پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں پشتونخوامیپ کے سکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے الزام عائد کیا کہ جماعت کے سربراہ اور صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر پولیس نے بلا جواز چھاپہ مارا ہے اور یہ چھاپہ ’کسی مجسٹریٹ کے بغیر مارا گیا،اور پولیس نے پارٹی کے سربراہ کے ایک ذاتی محافظ کو گرفتار بھی کیا جن کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ تھا۔‘
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ ’پارٹی کے سربراہ نے گذشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں حالیہ انتخابات میں دھاندلی اور اس کے ذمہ دار افراد کے خلاف حقائق بیان کیے جس پر رات کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔‘
انہوں نے پارٹی کے سربراہ کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف آج تین بجے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا۔
پی کے میپ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ’اس قسم کی کاروائیوں سے پارٹی اور اس کی قیادت کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا ہے۔‘
دوسری جانب سابق نگران وزیر بلوچستان جان اچکزئی نے اس واقعے پر موقف دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے۔
ان کے مطابق ’یہ کاروائی محمود خان اچکزئی کے گھر پر نہیں کی گئی نہ ہی چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ کاروائی صرف قبضہ مافیا کے خلاف عمل میں آئی۔‘
4 مارچ صبح 7 بجکر 50 منٹ
نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے
پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے بعد قومی اسمبلی سے منتخب ہونے والے نو منتخب وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ایوان صدر کے مطابق شہباز شریف کے حلف کی تقریب دن تین بجے ہو گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی شہباز وزیراعظم سے حلف لیں گے۔ جبکہ حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے دعوت نامے بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
گذشتہ روز قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے دوران شہباز شریف نے 201 ووٹ لیے تھے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان تحریک کے انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، پاکستان مسلم لیگ، استحکام پاکستان پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل تھی۔
4 مارچ صبح 7 بجکر 40 منٹ
عالمی رہنماؤں کی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد
پاکستان کی قومی اسمبلی سے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد کئی ممالک کے سربراہوں نے وزیراعطم شہباز شریف کو مبارک باد دی ہے۔
ان رہنماؤں میں ایران کے چینی صدر شی جن پنگ، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی شامل ہیں۔
ان رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
چینی میڈیا کے مطابق چینی اپنے بیان میں چینی صدر چینی صدر نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو فون کر کے دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں مبارکب اد پیش کی۔
ترک صدر نے پاکستان کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کی شہبازشریف کی صلاحیت پراعتماد کا بھی اظہار کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےبھی پاکستان کی نئی حکومت کی کامیابی اور ملک کی خوشحالی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔