میئر پشاور کی سیٹ پر جے یو آئی ف کی برتری: ’ دوبارہ گنتی کروائیں گے‘

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پشاور میں میئر کی اہم نشست پر جے یو آئی ف کی برتری کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار نے کہا ہے کہ وہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دیں گے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق جے یو آئی ایف کے زبیر علی کو 62,388 ووٹ ملے  جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش کو 50,659 ووٹ(تصویر زبیر علی /فیس بک پیج)

صوبہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پشاور میں میئر کی اہم نشست پر اپوزیشن پارٹی کے امیدوار کی برتری کے بعد حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار رضوان بنگش نے کہا ہے کہ وہ ووٹوں کی گنتی دوبارہ کروانے کے لیے درخواست دیں گے۔

صوبے کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ منعقد ہوا۔ پیر تک الیکشن کمشین خیبر پختونخوا کے جاری کردہ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق صوبے کے دارالحکومت پشاور میں میئر کی سیٹ پر اپوزیشن جماعت جمیعت علمائے اسلام ف کے زبیر علی کو رضوان بنگش پر برتری حاصل ہے۔

رضوان بنگش نے عرب نیوز کو بتایا کہ ان کی جماعت مجموعی ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور بےضابطگیوں کی وجہ سے مسترد ہونے والے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کی درخواست دے گی۔

ان کا کہنا تھا: ’ہم پرامید ہیں کہ فتح ہماری ہوگی کیونکہ مسترد کیے گئے 16 ہزار ووٹوں کا ریویو کروائیں گے اور مجھے اور میرے حریف کو ملنے والے مجموعی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروائیں گے۔‘

دوسری جانب جے یو آئی ف کے صوبائی ترجمان جلیل جان نے خیبر پختونختوا کی عوام کا ان کی جماعت پر اعتماد ظاہر کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ’صاف ظاہر ہوتا ہے کہ شہری حکمران جماعت کی طرز حکومت سے تنگ آ گئے ہیں۔‘

پی ٹی آئی 2013 سے صوبے میں حکومت میں ہے۔ انگریزی روزنامے ڈان نے رپورٹ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی خراب کارگردگی کی وجہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کو ٹھہرایا۔  

اخبار کے مطابق صوبائی وزیر محنت اور انسانی حقوق شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ’مہنگائی بڑھ گئی ہے، جس سے عوام پر اثر پڑا ہے۔‘

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق میئر اور 63 تحصیل کونسل چیئرمین کی سیٹوں پر اپوزیشن پارٹیوں کو حکمران جماعت پی ٹی آئی پر برتری حاصل ہے۔

الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا کے ترجمان سہیل احمد نے کہا کہ سرکاری نتائج کا اعلان 25 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر آفس پشاور کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پشاور تحصیل کونسل کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج مل چکے ہیں مگر سرکاری نتائج کا اعلان ابھی نہیں کیا جا رہا کیونکہ سکیورٹی خدشات کے باعث چھ پولنگ سٹیشنز پر انتخابات روک دیے گئے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

غیر سرکاری نتائج کے مطابق جے یو آئی ایف کے زبیر علی کو 62,388 ووٹ ملے، پی ٹی آئی کے رضوان بنگش کو 50,659 ووٹ اور پیپلز پارٹی کے ارباب زرک خان کو 45,958 ووٹ ملے۔

بلدیاتی انخابات چارسدہ، نوشہرہ، مردان، پشاور، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنو، لکی مروت، ٹانک، ہری پور، بنیر اور ڈی آئی خان کے ساتھ ساتھ قبائلی اضلاع خیبر، مہمند اور باجوڑ میں منعقد ہوئے، جو قبائلی علاقوں میں پہلی بار ہوا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے پہلے مرحلے میں ایک کروڑ 26 لاکھ افراد نے ووٹ ڈالا۔

صوبے کے باقی 18 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں انتخابات 16 جنوری کو ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست