بافٹا ایوارڈز: اوپن ہائیمر بہترین فلم، کیلین مرفی بہترین اداکار قرار

’اوپن ہائیمر‘کے کیلین مرفی اور ’پور تھنگز‘ کی سٹار ایما سٹون کو اس سال بہترین اداکاروں کا ایوارڈ دیا گیا۔

رواں برس اس ایوارڈ شو میں سرپرائز بہت کم تھے کیونکہ بافٹا ایوارڈز 2024 کی ٹاپ کیٹیگریز میں اوپن ہائیمر اور پور تھنگز جیسی زبردست فلمیں چھائی رہیں۔

کرسٹوفرنولین کی ایٹم بم سے متعلق بنی فلم اوپن ہیمر 13 کیٹیگریز میں نامزدگیوں کے ساتھ سرفہرست رہی جن میں سے فلم نے بہترین فلم اور بہترین ہدایت کار سمیت سات کیٹیگریز میں ایوارڈ جیتا۔

فلم کے ستاروں کیلین مرفی اور رابرٹ ڈاونی جونیئر نے بھی بالترتیب بہترین لیڈنگ اداکار اور بہترین معاون اداکار کی کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی۔

مرفی نے فلم ’ہولڈ اوورز‘ کے سٹار پال گیاماتی کو اس دوڑ میں شکست دی جس کو دونوں اداکاروں کے درمیان بہت سخت مقابلہ سمجھا جاتا تھا۔

قبل ازیں آٹھ ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے کے باوجود یہ کرسٹوفر نولین کا پہلا بافٹا ایوارڈ تھا۔ سٹیج پر انعام قبول کرتے ہوئے 54 سالہ نولین نے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دنیا میں ’جوہری ہتھیاروں کی تعداد کم کرنے کے لیے طویل اور سخت جدوجہد کی ہے۔‘

یہ کسی کے لیے بھی حیرت کی بات نہیں تھی جب یورگوس لانتھیموس کی زبردست فلم ’پور تھنگز‘ کو اس رات بہترین پروڈکشن کا بھی ایوارڈ دیا گیا جو اس رات اس کی پانچ کامیابیوں میں سے پہلی تھی۔

’پور تھنگز‘ کی اداکارہ ایما سٹون کو بیلا کا کردار نبھانے پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس فلم میں ان کا کردار ایک بالغ خاتون کا تھا جس کے پاس ایک بچے کا دماغ تھا۔

35 سالہ سٹون نے ایوارڈ لیتے وقت اپنی تقریر میں اپنی والدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ دنیا کی بہترین شخصیت ہیں۔ ان کے بغیر، اس میں سے کچھ بھی نہ ہوتا، بشمول میری زندگی۔ آپ کا شکریہ، ماں!‘

77 ویں برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز کی تقریب لندن کے رائل فیسٹیول ہال میں منعقد ہوئی جس میں  مارگوٹ روبی، رابرٹ ڈاونی جونیئر اور ریان گوسلنگ سمیت ہالی وڈ کے دیگر ستاروں نے بھی شرکت کی۔

شہزادہ ولیم بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہیں گذشتہ سال بافٹا کی معروف اداکارہ کیٹ بلانشیٹ کے ساتھ گرمجوشی سے گلے ملتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

 کیٹ مڈلٹن جنوری میں پیٹ کی سرجری کی وجہ سے اس موقع پر موجود نہیں تھیں، وہ اب بھی صحت یاب ہو رہی ہیں۔

گذشتہ سال رچرڈ ای گرانٹ کے بعد 52 سالہ ڈیوڈ ٹیننٹ نے میزبانی کے فرائض سنبھالے تھے۔ ٹی وی شو ’ڈاکٹر ہو‘ کے  سٹار  نے تقریب کے دوران کچھ لطیفے سنائے تاہم زیادہ تر ابتدائی جملے سنجیدہ تھے۔

الیگزینڈر پین کی کامیڈی ڈرامہ فلم دی ہولڈ اوورز، جو نیو انگلینڈ کے ایک بورڈنگ سکول کے ایک ادھیڑ عمر بدمزاج استاد کے بارے میں ہے، نے بھی اس رات نسبتاً اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی سات نامزدگیوں میں سے دو میں ایوارڈ جیتا۔

37  سالہ ڈی وائن جوائے رینڈولف نے مسابقتی کیٹیگری میں ایملی بلنٹ، ڈینیئل بروکس، کلیئر فوئے، سینڈرا ہولر اور روزمنڈ پائیک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔ حاضرین نے کھڑے ہوکر انہیں داد پیش کی۔

پریزینٹر شیوٹل ایجیوفور سے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے رینڈولف نے جذبات سے مغلوب ہو کر ان سے کہا: ’آپ بہت خوبصورت ہیں۔‘

 اس سے پہلے انہوں نے اپنی ساتھی اداکارہ گیاماتی کا شکریہ ادا کیا، جنہیں ہجوم میں اپنے آنسو ضبط کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

جوناتھن گلیزر کی دی زون آف انٹرسٹ کو تین انعامات سے نوازا گیا: بہترین آواز، بہترین برطانوی فلم، اور ایسی بہترین فلم جس کی زبان انگریزی نہیں تھی۔

اگرچہ اس کی شوٹنگ مکمل طور پر پولینڈ میں ایک جرمن کاسٹ کے ساتھ کی گئی تھی، آشوٹز کے قریب ایک نازی کمانڈنٹ عمارت کی تعمیر کے متعلق یہ ڈرامہ فلم فور نے ایک برطانوی پروڈکشن ٹیم کے ساتھ مل کر بنایا تھا۔

ایوارڈ قبول کرتے ہوئے فلم کے پروڈیوسر جیمز ولسن کا کہنا تھا کہ ’ہولوکاسٹ سے پہلے یا بعد کی دیواریں نئی نہیں ہیں اور اس وقت ایسا لگتا ہے کہ ہمیں غزہ، یمن، ماریوپول یا اسرائیل میں مارے جانے والے بے گناہ لوگوں کا خیال رکھنا چاہیے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک ایسی فلم کو سراہنے کے لیے آپ کا شکریہ جو ہمیں ان  جگہوں کے بارے میں سوچنے کا کہتی ہے۔‘

اس سے قبل ریڈ کارپٹ پر پناہ گزینوں کی فلم ’دی اولڈ اوک‘ کے ہدایت کار کین لوش ایک سائن بورڈ کے پاس کھڑے تھے جس پر لکھا تھا ’غزہ: قتل عام بند کرو۔‘  یہ سائن بورڈ فلم کے مصنف پال لیورٹی نے اٹھا رکھا تھا۔

شام کے وقت ’20 ڈیز ان ماریوپل‘ نے بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ جیتا۔

اس میں یوکرین کے فوٹو جرنلسٹ مسٹیسلاو چرنوف نے یوکرین کے محصور شہر ماریوپول کے اندر کی زندگی کو بیان کیا ہے۔

چرنوف نے کہا کہ ’یہ ہمارے بارے میں نہیں ہے - یہ یوکرین کے بارے میں ہے، ماریوپل کے لوگوں کے بارے میں ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’میں اس پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتا ہوں. پرسوں ایک اور یوکرینی شہر پر قبضہ ہوگیا ہے - روس نے اس پر قبضہ کر لیا ہے، اور اس سے پہلے بھی بہت سے شہروں پر، لہذا ماریوپل کی کہانی جو کچھ بھی ہوا اس کی علامت ہے، اور جدوجہد کی علامت اور یقین کی علامت ہے۔ ہماری آواز کو بااختیار بنانے کے لیے آپ کا شکریہ۔ بس لڑتے رہیں۔‘

گذشتہ سال بافٹا میں نوالنی نے بھی یہی انعام جیتا تھا، جس کی کہانی روسی حزب اختلاف کے رہنما آلکسی نوالنی کے گرد گھومتی تھی۔

گریٹا گرویگ کی بلاک بسٹر باربی، مارٹن سکورسیسی کی فلم ’ کلز آف دی فلاور مون'، سیلین سونگ  کی پاسٹ لائیوز اور بریڈلی کوپر کی میسٹرو جیسی دیگر فلمیں کوئی ایوارڈ نہ جیت سکیں۔

اس رات کے دیگر فاتحین میں جی بی والی بال کی سابق کھلاڑی سوانا لیف بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنی فلم ارتھ ماما کے لیے بہترین ڈیبیو کیا تھا، جس میں ایک حاملہ اکیلی ماں اپنے خاندان سے دوبارہ جڑنے کے لیے لڑ رہی ہے۔

دریں اثنا، 26 سالہ میا میک کینا بروس نے جیکوب ایلورڈی اور ایو ایڈیبیری جیسے اداکاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مولی میننگ واکر کی پہلی فلم ’ہاؤ ٹو ہیو سیکس‘ میں ایک نوعمر لڑکی کا کردار ادا کرنے پر ای ای بافٹا رائزنگ سٹار ایوارڈ جیتا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم