گذشتہ ہفتے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی نے جنگی صورت حال اختیار کر لی تھی۔ ایک جانب دونوں ممالک کی افواج آمنے سامنے تھیں، تو دوسری جانب عوام گوگل پر معلومات حاصل کرنے میں مصروف رہے۔
جنگی اور تناؤ بھرے ماحول میں انڈیا اور پاکستان کی عوام انٹرنیٹ پر کیا تلاش کرتے رہے؟ انڈپینڈنٹ اردو نے گوگل کے ایک فیچر، گوگل ٹرینڈز کے ذریعے گذشتہ ہفتے سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کا جائزہ لیا۔
گوگل کا یہ فیچر کسی بھی ملک، خطے یا دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کا ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔
انڈیا میں گذشتہ ہفتے صارفین کیا سرچ کرتے رہے؟
سب سے پہلے اگر انڈیا کے موضوعات کو دیکھا جائے توگوگل ٹرینڈز کے مطابق انڈیا میں چھ مئی سے لے کر 13 مئی تک سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا موضوع ’سیز فائر کے معنی‘ تھے۔
اس کے سرچ کرنے میں اضافہ 10 مئی کو دیکھا گیا جب انڈیا اور پاکستان کے درمیان امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر فائر بندی کا اعلان کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس موضوع ‘ceasfire meaning’ کو انڈیا میں گوگل ٹرینڈز کے مطابق گذشتہ ہفتے ایک کروڑ سے زائد صارفین نے سرچ کیا۔
انڈیا میں گوگل پر تلاش کیے جانے والا دوسرا سب سے بڑا موضوع ’آپریشن سندور‘ تھا، یہ نام انڈیا کی جانب سے پاکستان پر حملوں کے آپریشن کو دیا گیا تھا، جس کو 50 لاکھ سے زائد صارفین نے سرچ کیا۔
تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ’آپریشن سندور‘کے ساتھ ساتھ انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کا پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹل ٹیموں کے مابین میچ بھی دوسرے نمبر پر گوگل پر سرچ کیے جانے والا موضوع رہا۔
یاد رہے کہ 10 مئی کو جب پاکستان کی جانب سے انڈیا کے خلاف آپریشن ’بنیان الرمرصوص‘ کے نام سے جوابی کارروائی کا آغاز کیا گیا تو اسی دوران انڈیا کے شہر دھرم شالہ میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹل کے مابین میچ ملتوی کیا گیا تھا۔
انڈیا میں گذشتہ ہفتے تیسرے نمبر پر ’فلائٹ ریڈار‘ گوگل پر سرچ کیا گیا جسے 20 لاکھ افراد نے سرچ کیا۔
اس کی ممکنہ وجہ یہی ہو سکتی ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان تناؤ کی وجہ سے متعدد پروازیں معطل کی گئی تھیں جبکہ دونوں ممالک نے فضائی حدود بھی بند کر دی تھیں۔
اسی طرح سرچ انجن میں انڈیا میں چوتھے نمبر پر بھی کرکٹ سرچ ہوتا رہا، 10 لاکھ سے زائد صارفین نے آئی پی ایل کی ٹیمز ممبئی انڈینز اور گجرات ٹائٹنز کے مابین میچ کو سرچ کیا، جبکہ نائٹ رائیڈرز اورچنائی سپر کنگز کے مابین میچ کو بھی 10 لاکھ سے زائد افراد نے سرچ کیا۔
اس فہرست میں پانچویں نمبر پر یعنی پانچ لاکھ لوگوں نے ’بلوچستان نیوز‘ کا موضوع زیادہ سرچ کیا اور پانچ لاکھ صارفین نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز - چنائی سپر کنگز کا میچ اور پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹل کے میچز بھی سرچ کیے۔
پاکستان میں گذشتہ ہفتے صارفین کیا سرچ کرتے رہے؟
پاکستان میں بھی جنگی ماحول میں صارفین کو کرکٹ سرچ کرنا نہیں بھولا، گوگل ٹرینڈز کے مطابق گذشتہ ہفتے پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والا لفظ جہاں ’سی این این‘ تھا جسے پانچ لاکھ سے زائد پاکستانی صارفین نے سرچ کیا وہیں اتنے ہی صارفین نے ’پی ایس ایل نیو شیڈول‘ کو بھی سرچ کیا۔
دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے پانچ موضوعات تھے، جنہیں دو دو لاکھ صارفین نے سرچ کیا، ان میں سے پہلا تو 'rafale jet price' تھا، جبکہ دوسرا انڈیا کی طرح، آئی پی ایل کا پنجاب کنگز بمقابلہ دہلی کیپیٹل کا میچ تھا۔
پاکستان فضائیہ کے ترجمان وائس ایئر مارشل اورنگزیب بھی پاکستانیوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے اور دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والوں میں جگہ بنائی، ان کے بارے میں بھی دو لاکھ سے زائد صارفین نے سرچ کیا۔
بھارتیہ جنتہ پارٹی یعنی ’بی جے پی‘ کو بھی دو لاکھ سے زائد صارفین نے سرچ کیا اور اسی طرح پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈیئیٹرز بمقابلہ اسلام یونائٹڈ کا میچ بھی دو لاکھ سے زائد افراد سرچ کر چکے ہیں۔
تیسرے نمبر پر ’لاہور ایئرپورٹ‘، ’بی بی سی اردو‘ ’ڈی جی آئی ایس پی آر‘، ’انڈین نیوز چیلز‘، اور چوتھے نمبر پر ’حافظ سعید‘، اسلام آباد ایئر پورٹ، ’ڈرون‘، ’رفال‘، اور ’فلائٹ ریڈار‘ جیسے موضوعات صارفین نے سرچ کیے۔