امریکی سفارت کار کا پاکستان میں ’بروقت، منصفانہ‘ انتخابات پر زور

امریکہ کی قائم مقام نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ اور پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق بروقت، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی اہمیت پر بات چیت کی۔

امریکہ کی قائم مقام نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ نے 29 اگست 2023 کو پاکستانی نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی ہے (وکٹوریہ نولینڈ ٹوئٹر)

سینیئر امریکی سفارت کار وکٹوریہ نولینڈ نے منگل کو پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے بات چیت کی اور ’بروقت، آزاد انہ اور منصفانہ انتخابات‘ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی قائم مقام نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ اور پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق بروقت، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی اہمیت پر بات چیت کی۔

پاکستان کی سیاست ایک سال سے بحران کا شکار ہے اور سابق وزیراعظم عمران خان، جنہیں گذشتہ سال پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا، اس کا محور ہیں۔

عمران خان نے اپنی بے دخلی کا الزام امریکہ اور پاکستان کی فوج پر عائد کیا۔ واشنگٹن اور فوج دونوں نے ان کے دعووں کی تردید کی ہے۔ وکٹوریہ نولینڈ اور جیلانی کے درمیان فون کال کے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں عمران خان کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔

ہائی کورٹ نے بدعنوانی کے الزام میں قید سابق وزیراعظم عمران کی سزا معطل کر دی ہے، لیکن وہ جیل میں ہی رہیں گے کیوں کہ ایک جج پہلے ہی ایک اور کیس میں ان کی حراست کا حکم دے چکے ہیں۔ سزا کے وجہ سے عمران خان پانچ سال کے لیے انتخابات بھی نہیں لڑ سکتے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگست کے وسط میں پاکستان میں عبوری وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سربراہی میں نگران کابینہ نے حلف اٹھایا تھا، جس میں انہیں نئے انتخابات تک ملک چلانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جو حلقہ بندیوں کے باعث نومبر کے بعد بھی تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں۔

اس ماہ کے آغاز میں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ تازہ ترین مردم شماری کی بنیاد پر نئی حلقہ بندیوں کو 14 دسمبر تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کی تصدیق کرے گا۔

محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وکٹوریہ نولینڈ اور جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کے معاشی استحکام اور آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وکٹوریہ نولینڈ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستانی نگران وزیر خارجہ کو مبارک دی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور پاکستان کے اقتصادی استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے  مشترکہ وابستگی کو بھی سراہا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ