سعودی عرب اور ایران کے ہمراہ خطے کی خوشحالی کے لیے کام کریں گے: پاکستان

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا: ’ایران اور سعودی عرب دونوں برادر اسلامی ممالک ہیں۔ دونوں کے خوشگوار تعلقات کا پاکستان خیر مقدم کرتا ہے۔‘

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ’پاکستان، سعودی عرب اور ایران کے ساتھ مل کر خطے کی خوشحالی کے لیے کام کرے گا۔‘

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا: ’ایران اور سعودی عرب دونوں برادر اسلامی ممالک ہیں۔ دونوں کے خوشگوار تعلقات کا پاکستان خیر مقدم کرتا ہے کیوں کہ پاکستان کی ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ دونوں کے تعلقات بہتر ہو جائیں اور اب پاکستان، سعودی عرب اور ایران کے ساتھ مل کر خطے کی بحالی کے لیے کام کرے گا۔‘

سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد ایران نے سات سال بعد سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ کھولا ہے۔

اس سے قبل ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دیگر خارجی معاملات پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کا پہلا دورہ مکمل کرلیا ہے اور اس دوران انہوں نے عراق میں سرکاری حکام، بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی اور زیارات کا بھی دورہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے عراق میں بحالی اور قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ ’پاکستان، چین اور ایران کے درمیان انسداد دہشت گردی پر سہ فریقی مذاکرات ہو رہے ہیں، بیجنگ میں ہونے والے انسداد دہشت گردی مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی کاؤنٹر ٹیررازم کر رہے ہیں۔‘

نو مئی 2023 کو جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکن خدیجہ شاہ کے لیے امریکی سفارت خانے کی درخواست سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’خدیجہ شاہ کی دہری شہریت کی وجہ سے امریکی سفارت خانے نے قونصلر رسائی کی درخواست کی ہے، خدیجہ شاہ کیس میں امریکی سفارت خانے کی درخواست وزارت داخلہ کو بھیج دی گئی ہے۔ نو مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق سلوک کیا جارہا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان آئین اور قانون کے مطابق چلنے والا ملک ہے۔ پاکستان میں تمام شہریوں کو بنیادی حقوق دستیاب ہیں۔ حکومت پاکستان تمام مقامی  قوانین اور بین الاقوامی وعدے پورے کر رہا ہے۔ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔‘

امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ پرانا کیس ہے اور حکومت پاکستان ہر ممکن مدد کر رہی ہے جبکہ صدیقی کیس میں پاکستانی مشن امریکہ میں بھی ہر ممکن قانونی اور اخلاقی مدد کررہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ برسوں سے عافیہ صدیقی کیس میں تمام ممکنہ کوششیں کر رہے ہیں۔ پاکستان نے ڈاکٹر فوزیہ کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے دورہ امریکہ کے انتظامات میں بھرپور مدد کی ہے۔

’ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ملاقاتیوں میں نام نہ ہونے کے باوجود ان کی ملاقات کروائی گئی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی تین ملاقاتوں میں مدد کر چکے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان